بھارت نے غیر ملکی لیگز سے ٹکراؤ کا بہانہ بناکر واویلا شروع کردیا۔
آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان سے منتقل کروانے کیلئے بھارت نے ایک بار پھر من گھڑت خبریں نشر کروانا شروع کردیں۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 فروری اور مارچ میں شیڈول ہے، جس کی میزبانی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کو دے رکھی ہے تاہم بھارتی میڈیا نے واویلا شروع کردیا ہے کہ غیرملکی لیگز کا ایونٹ سے ٹکراؤ ہورہا ہے۔
کرک بز کی رپورٹ کے مطابق ٹورنامنٹ فروری کے پہلے ہفتے میں شیڈول ہونے کا امکان ہے جبکہ اس دوران انٹرنیشنل ٹی20 لیگ (آئی ایل ٹی) 19 جنوری سے 17 فروری جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹی20 اور بنگلہ دیش پریمئیر لیگ بھی انہی 2 ماہ کے عرصے میں شیڈول ہیں۔
اسی طرح پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) بھی آئی سی سی ٹورنامنٹ کے باعث مشکلات کا شکار ہو سکتی ہے کیونکہ یہ ایونٹ بھی فروری اور مارچ کی ابتداء میں کھیلا جاتا ہے بعدازاں بھارت کی انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کی تیاریوں کا آغاز ہوجاتا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے حال ہی میں میزبان ملک کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں جبکہ بھارتی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی یا نہیں، یہ سوال اب بھی اہم ہے۔
بھارتی صحافی ورلڈکپ 2023 میں پاکستانی ٹیم کے بھارت کے دورہ نہ کرنے پر یہ جواز پیش کررہے تھے کہ یہ آئی سی سی ایونٹ ہے اب وہی صحافی پاکستان کی میزبانی میں حکومتی اجازت کا بہانہ پیش کررہے ہیں۔