news
English

آپ کی گاڑی کی نمبر پلیٹ درست نہیں، بابر اعظم کو ایکسائزآفیسر نے روک لیا

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ایکسائز پولیس نے لاہور کے مین لبرٹی چوک پر قانون کی خلاف ورزی کے جرم میں روک لیا۔ 

آپ کی گاڑی کی نمبر پلیٹ درست نہیں، بابر اعظم کو ایکسائزآفیسر نے روک لیا

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اپنی لگژری گاڑی میں لاہور کے لبرٹی چوک سے گزر رہے تھے کہ ایکسائز پولیس نے کرکٹ ٹیم کے کپتان کو روک لیا، پولیس نے بابر اعظم کو ان کی گاڑی کی نمبر پلیٹ کا فونٹ سائز، اسٹینڈرڈ سائز سے کم ہونے پر روکا اور اس بات کی نشاندہی کی۔

پولیس افسر کے روکنے پر بابراعظم کی جانب سے مکمل تعاون کا اظہار کیا گیا اور کپتان کو گاڑی کی نمبر پلیٹ تبدیل کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اس کے علاوہ معمول کے مطابق پولیس کی جانب سے گاڑی کے کاغذ سمیت دیگر ضروری دستاویزات کے حوالے سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔

سوشل میڈیا پر کپتان کی گاڑی کی تصویر بھی وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی کی نمبر پلیٹ پر نمبر تو موجود ہے لیکن فونٹ سائز انتہائی چھوٹا ہونے کی وجہ سے اس پر کیا لکھا ہے وہ واضح نہیں ہورہا۔

اس موقع پر بابراعظم کی جانب سے پولیس افسر کے ساتھ سیلفی بھی لی گئی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔