میگا ایونٹ سے قبل مختصر فارمیٹ میں ان کی شمولیت کے لئے کارکردگی جانچنا ضروری ہے، ہارون رشید
قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے ورلڈکپ 2023 کے لئے سرفراز احمد کی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے امید دلانا شروع کردی۔
کرکٹ پاکستان کو دیئے گئے انٹرویو میں ہارون رشید نے کہا کہ ٹیسٹ فارمیٹ میں سابق کپتان سرفراز احمد نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے تاہم بھارت میں شیڈول ون ڈے ورلڈکپ میں ان کی شمولیت کے لئے کارکردگی جانچنا ضروری ہے، میگا ایونٹ کی ٹیم کی تشکیل کے لئے ابھی کافی وقت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ ٹیم میں ان کا نام شامل ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ سرفراز احمد نے حالیہ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن مختصر فارمیٹ کے بارے میں ابھی بات کرنا قبل از وقت ہے۔
چیف سلیکٹر نے اس بات پر زور دیا کہ ورلڈکپ سے قبل کسی بھی کھلاڑی کی اہمیت کو خارج نہیں کیا جاسکتا، سلیکٹرز میگا ایونٹ کے لئے حتمی اسکواڈ کے انتخاب کے وقت ہر کھلاڑی کی خوبیوں اور کمزوریوں کا بغور جائزہ لیں گے۔
ہارون رشید نے کہا کہ ایشیاکپ سری لنکا میں شیڈول ہے جبکہ بھارت میں شیڈول ورلڈکپ کے لئے ابھی نہیں جانتے کہ کیا فیصلہ ہوگا، تاہم وہاں اسپنرز کے لئے سازگار پچز ہوں گی۔
قبل ازیں قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے عندیہ دیا تھا کہ ورلڈکپ کی ٹیم میں سرفراز احمد کی شمولیت واضح نہیں تاہم بہت سے کھلاڑی میگا ایونٹ کی تیاری میں مصروف ہیں۔
پاکستان کو 2017 میں چیمپینز ٹرافی جتوانے والے سابق کپتان سرفراز احمد سے رواں برس مئی میں قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے رابطہ بھی کیا تھا۔