news
English

پی ایس ایل فائنل کی اختتامی تقریب میں فنکاروں کی شاندار پرفارمنس

اختتامی تقریب میں صدرمملکت، آرمی چیف، ترجمان پاک فوج اور گورنر و وزیراعلیٰ سندھ سمیت ارکان صوبائی اسمبلی کی بھی شرکت

پی ایس ایل فائنل کی اختتامی تقریب میں فنکاروں کی شاندار پرفارمنس PHOTO COURTESY: PCB

کراچی: پی ایس ایل فور کی رنگا رنگ اختتامی تقریب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوئی جس میں فنکاروں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ 

پاکستان سپر لیگ فائنل کی رنگا رنگ اختتامی تقریب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوئی، اختتامی تقریب سے قبل سانحہ نیوزی لینڈ میں شہید افراد سے اظہار یکجہتی کے لیے گراؤنڈ میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ اختتامی تقریب میں گلوکار ابرار الحق، آئمہ بیگ اور فواد خان سمیت جنون بینڈ نے پرفارمنس کا شاندار مظاہرہ کیا جس پر گراؤنڈ میں موجود شائقین بھی جھوم اٹھے۔

صدرمملکت عارف علوی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، گورنر سندھ عمران اسماعیل، ڈی جی رینجرز، وزیر ریلوے سمیت ارکان صوبائی اسمبلی بھی پی ایس ایل کا فائنل میچ دیکھنے کے لیے نیشنل اسٹیڈیم میں موجود ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین پی سی بی احسان مان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پی ایس ایل کا فائنل کرانا فخر ہے، کرکٹ کا گیم ہی لوگوں کے چہروں پر خوشی لاتا ہے، وزیر اعظم عمران خان سمیت وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سیکورٹی فورسز اور عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی مدد سے پی ایس ایل کا فائنل یہاں ہو رہا ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 2 سال پہلے وعدہ کیا تھا پی ایس ایل یہاں لائیں گے، اس سال سارے میچز یہاں ہو رہے، کراچی والے جیت گئے، جو بھی ٹیم جیتے، جیت کرکٹ اور پاکستان کی ہوگی۔

پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کا فائنل آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، میچ رات 8بجے شروع ہوگا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹائٹل کی پیاس بجھانے کیلیے بے تاب ہے، کپتان سرفراز احمد کو ایونٹ کے ٹاپ اسکورر شین واٹسن کی خدمات میسر ہونگی، عمر اکمل، احمد شہزاد، رلی روسو اور احسان علی بھی حریفوں کے چھکے چھڑانے کی کوشش کریں گے۔

آل راؤنڈرز ڈیوائن براوو، اور محمد نواز، تجربہ کار پیسر سہیل تنویر اور باصلاحیت محمد حسنین دھاک بٹھانے کیلیے تیار ہیں، انجرڈ اسپنر فواد احمد کی شرکت یقینی نہیں ہے، حالیہ ایونٹ کے تینوں باہمی مقابلوں میں حریف پر فتوحات سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اعتماد بلندیوں پر ہے۔

دوسری جانب پشاورزلمی کی ٹیم بھی 2017 کی تاریخ دہراتے ہوئے دوسری بار چیمپئن بننے کا عزم لیے میدان میں اتریگی، ٹاپ آرڈر میں جارح مزاج کامران اکمل اور ان فارم امام الحق موجود ہیں،میچ ونرز کیرون پولارڈ اور ڈیرن سیمی بھی دستیاب ہیں، چوتھے ایڈیشن کے کامیاب ترین بولر حسن علی، برق رفتار وہاب ریاض، سلو بال کے ماہر ٹائمل ملز اور پیسر کرس جورڈن حریف ٹیم کی بیٹنگ کا حوصلہ آزمائیں گے۔