news
English

آرمی چیف کے ٹیم پاکستان کے ساتھ افطار ڈنر کی تاریخ ری شیڈول

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کے ساتھ پاک فوج کے اعلیٰ حکام کو بھی افطار ڈنر کے دعوت نامے موصول ہونے کی توقع ہے۔

آرمی چیف کے ٹیم پاکستان کے ساتھ افطار ڈنر کی تاریخ ری شیڈول

قومی ٹیم کے کھلاڑی اس وقت کاکول ملٹری اکیڈمی میں جاری فٹنس کیمپ میں تربیتی مشقوں میں مصروف ہیں تاہم ان کے آرمی چیف کے ساتھ افطار ڈنر کی تاریخ کو ری شیڈول کر دیا گیاہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کے ساتھ پاک فوج کے اعلیٰ حکام کو بھی افطار ڈنر کے دعوت نامے موصول ہونے کی توقع ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر رواں ماہ رمضان المبارک کے دوران پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کے لیے7 اپریل کی بجائے 8 اپریل کو راولپنڈی میں افطار ڈنر کی میزبانی کریں گے۔ افطار ڈنر میں پاک فوج کے اعلیٰ حکام اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ قومی ٹیم اس وقت ہوم سرزمین پر نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل ایبٹ آباد کے کاکول ملٹری اکیڈمی میں فٹنس کیمپ میں حصہ لے رہی ہے جہاں پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے آرمی اسکول آف فزیکل ٹریننگ میں تربیتی مشقیں کیں۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم 14 اپریل کو پاکستان میں پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کی منتظر ہے۔ دونوں ٹیمیں 18، 20 اور 21 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلیں گی۔ اس کے بعد، دونوں ٹیمیں لاہور جائیں گی، جہاں وہ بالترتیب 25 اور 27 اپریل کو سیریز کے بقیہ دو ٹی ٹونٹی میچز کھیلیں گی۔ 
اس سیریز کے پانچوں میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7:00 بجے شروع ہوں گے۔ مائیکل بریسویل دورہ پاکستان کے دوران نیوزی لینڈ کی قیادت کریں گے۔ ٹرینٹ بولٹ، ڈیون کونوے، لوکی فرگوسن، میٹ ہنری، ڈیرل مچل، گلین فلپس، راچن رویندرا، مچ سینٹنر اور کین ولیمسن انڈین پریمیئر لیگ میں مصروفیات کی وجہ سے سیریز میں شامل نہیں ہوں گے۔ کولن منرو بھی سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں تھے جبکہ ٹم ساؤتھی کو آرام دیا گیا ہے۔