میزبان ٹیم سری لنکا 166 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی تھی
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے کولمبو ٹیسٹ میچ کا دوسرا روز مسلسل بارش کی نذر ہوگیا، بارش نہ رکنے کے باعث دوسرے دن کا کھیل منسوخ کردیا گیا، قومی ٹیم کو سری لنکا کے خلاف پہلی اننگز میں 12 رنز کی برتری حاصل ہے۔
دوسرا روز:
کولمبور میں کھیلے جارہے سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سری لنکا کی پوری ٹیم 166 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جبکہ قومی ٹیم نے 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر 12 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔
پاکستان کی جانب سے شان مسعود نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 47 گیندوں پر 51 رنز بنائے جبکہ امام الحق 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کپتان بابراعظم 28 اور اوپنرعبداللہ شفیق 87 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
سری لنکا کی جانب سے دونوں کھلاڑیوں کو اسھیتا فرنینڈو نے آؤٹ کیا۔
پہلا روز:
گزشتہ روز سری لنکن ٹیم ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں صرف166 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی تھی جبکہ پاکستان نے کھیل کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے تھے۔
پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو 13 کے مجموعی اسکور پر قومی ٹیم کی پہلی وکٹ گر گئی۔ اوپنر امام الحق 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اوپنر عبداللہ شفیق اور شان مسعود دونوں نے نصف سنچریاں مکمل کیں، شان مسعود 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کو سری لنکا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید 21 رنز درکار تھے جبکہ عبداللہ شفیق 74 اور بابر اعظم 8 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
قبل ازیں سری لنکا نے بیٹنگ شروع کی تو 9 رنز کے اسکور پر اوپنر نشان مدوشکا رن آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 4 رنز بنائے۔ ان کے بعد آنے والے کسال مینڈس 6 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
سری لنکا کی تیسری وکٹ 35 کے مجموعی اسکور پر گری، یہاں اینجلو میتھیوز 9 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ کپتان دیموتھ کرونارتنے 17 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
چوتھی وکٹ گرنے کے بعد دنیش چندی مل اور دھننجیا ڈی سلوا کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 85 رنز بنائے گئے لیکن 121 کے مجموعی اسکور پردنیش 34 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔
دنیش چندی مل کے آؤٹ ہوتے ہی سری لنکن بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور چھٹی وکٹ 122 رنز اور ساتویں وکٹ 133 رنز پر گرگئی۔ وکٹ کیپر بلے باز سدیرا سماراوکراما صفر اور دھننجیا ڈی سلوا 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ میزبان ٹیم کی آٹھویں وکٹ 136 رنز پر، نویں وکٹ 163 رنز اور آخری وکٹ 166 رنز پر گری۔
قومی ٹیم کی جانب سے لیگ اسپنر ابرار احمد نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ 3 اور شاہین شاہ آفریدی ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
میچ کولمبو میں کھیلا جا رہا ہے جبکہ بارش کے باعث پہلے روز کا کھیل تاخیر سے شروع ہوا۔
پاکستان نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ سری لنکا کی جانب سے بائیں ہاتھ کے بولر دلشان مادو شناکا ٹیم میں ڈیبیو کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹیم میں اسیتھا فرنینڈو کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کا اسکواڈ:
کپتان بابراعظم، عبداللہ شفیق، امام الحق، شان مسعود، سعود شکیل، وکٹ کیپر سرفراز احمد، سلمان علی آغا، نعمان علی، ابرار احمد، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔