news
English

کولمبو ٹیسٹ: پاکستان کو سری لنکا کے خلاف 100 رنز کی برتری حاصل

پاکستانی بلے باز عبداللہ شفیق 137 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں  

کولمبو ٹیسٹ: پاکستان کو سری لنکا کے خلاف 100 رنز کی برتری حاصل

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھانے کے وقفے تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنالیے جبکہ آئی لینڈرز کے خلاف 107 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔ 
تیسرا روز:
کولمبو میں کھیلے جارہے سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز قومی ٹیم نے 178 رنز سے اننگز کا آغاز کیا، عبداللہ شفیق نے سینچری اسکور کی، وہ 137 جبکہ سعود شکیل 32 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں تاہم کپتان بابراعظم 39 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ 
سری لنکا کی جانب سے اسھیتا فرنینڈو نے 2 جبکہ پرباتھ جے سوریا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 
دوسرا روز:
سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سری لنکا کی پوری ٹیم 166 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جبکہ قومی ٹیم نے2 کھلاڑیوں کے نقصان پر 12 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ 
پاکستان کی جانب سے شان مسعود نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 47 گیندوں پر51 رنز بنائے جبکہ امام الحق 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کپتان بابراعظم 28 جبکہ اوپنر عبداللہ شفیق 87 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔ 

سری لنکا کی جانب سے دونوں کھلاڑیوں کو اسھیتا فرنینڈو نے آؤٹ کیا۔ 
پہلا روز:
گزشتہ روز سری لنکا ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں محض 166 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی تھی جبکہ پاکستان نے کھیل کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے تھے۔
پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو 13 کے مجموعی اسکور پر قومی ٹیم کی پہلی وکٹ گر گئی۔ اوپنر امام الحق 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اوپنر عبداللہ شفیق اور شان مسعود دونوں نے نصف سنچریاں مکمل کیں، شان مسعود 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 
پاکستان کو سری لنکا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید 21 رنز درکار تھے جبکہ عبداللہ شفیق 74 اور بابر اعظم 8 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

قبل ازیں سری لنکا نے بیٹنگ شروع کی تو 9 رنز کے اسکور پر اوپنر نشان مدوشکا رن آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 4 رنز بنائے۔ ان کے بعد آنے والے کسال مینڈس 6 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ 
سری لنکا کی تیسری وکٹ 35 کے مجموعی اسکور پر گری، یہاں اینجلو میتھیوز 9 رنز بناکر نسیم شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ کپتان دیموتھ کرونارتنے 17 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ 
چوتھی وکٹ گرنے کے بعد دنیش چندی مل اور دھننجیا ڈی سلوا کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 85 رنز بنائے گئے لیکن 121 کے مجموعی اسکور پر 34 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔ 
دنیش چندی مل کے آؤٹ ہوتے ہی سری لنکن بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور چھٹی وکٹ 122 رنز اور ساتویں وکٹ 133 رنز پر گرگئی۔ وکٹ کیپر بلے باز سدیرا سماراوکراما صفر اور دھننجیا ڈی سلوا 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ میزبان ٹیم کی آٹھویں وکٹ 136 رنز، نویں وکٹ 163 رنز اور آخری وکٹ 166 رنز پر گری۔ 
قومی ٹیم کی جانب سے لیگ اسپنر ابرار احمد نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ 3 اور شاہین شاہ آفریدی ایک وکٹ حاصل کرسکے۔ 
میچ کولمبو میں کھیلا جا رہا ہے جبکہ بارش کے باعث پہلے روز کا کھیل تاخیر سے شروع ہوا۔ 
پاکستان نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ سری لنکا کی جانب سے بائیں ہاتھ کے بولر دلشان مادو شناکا ٹیم میں ڈیبیو کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹیم میں اسیتھا فرنینڈو کو شامل کیا گیا ہے۔ 
پاکستان کا اسکواڈ: 

کپتان بابراعظم، عبداللہ شفیق، امام الحق، شان مسعود، سعود شکیل، وکٹ کیپر سرفراز احمد، سلمان علی آغا، نعمان علی، ابرار احمد، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔