غیرملکی کمنٹیٹر جنوبی افریقہ کے سابق بیٹسمین ڈیرل کلینن کا کہنا ہے کہ وہ ایک بار پھر پاکستان واپسی پر بہت خوش ہیں
لاہور: جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے منگل سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول پہلے میچ سے کمنٹری پینل میں معروف کمنٹیٹرز شامل ہوں گے۔
سابق کپتان وسیم اکرم، رمیز راجہ اور بازید خان کے ساتھ مائیک ہیسمین اور ڈیرل کلینن سمیت نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ باؤلر سائمن ڈول بھی کمنٹری کرنے والوں میں شامل ہوں گے، وسیم اکرم صرف ٹیسٹ سیریز جبکہ سائمن ڈول صرف ٹی ٹونٹی سیریز میں کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے۔ دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔
غیرملکی کمنٹیٹر جنوبی افریقہ کے سابق بیٹسمین ڈیرل کلینن کا کہنا ہے کہ وہ ایک بار پھر پاکستان واپسی پر بہت خوش ہیں، دونوں ٹیمیں باصلاحیت ہیں، لہٰذا وہ ایک شاندار سیریز کے انعقاد کے منتظر ہیں۔نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ بولر سائمن ڈول کا کہناہے کہ وہ اعلیٰ معیار کے فاسٹ بولرز پر مشتمل دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے آغاز کا اب مزید انتظار نہیں کرسکتے۔
معروف کمنٹیٹر مائیک ہیسمین کا کہنا ہے کہ سال 2003 میں پاکستان میں کھیلی گئی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے اختتام پر انہوں نے آن ائیر ایک جملہ کہا تھا کہ ان دونوں ٹیموں کو کوئی علیحدہ نہیں کرسکتا، آج اٹھارہ سال بعد ان دونوں ٹیموں کے درمیان جنگ کا دوبارہ آغاز ہونے جارہا ہے،اس تاریخی ٹور پر انہیں کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سیریز کے میچز پر تبصرہ کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔
دوسری طرف سیریز کی براڈکاسٹ پروڈکشن سروسزمشترکہ طور پر ٹرانس گروپ ایف زیڈ ای، این ای پی گروپ اور بلٹز ایڈور ٹائزنگ کو فراہم کردی گئی ہیں۔اس کنسورشیم میں این ای پی گروپ ٹیکنکل پارٹنر ہے۔ این ای پی گزشتہ تیس سال سے دنیا کا ایک نامور پروڈکشن پارٹنر ہے۔ سیریز کی کوریج کُل 28 مختلف کیمروں سے کی جائے گی،جن میں ہاک آئی بال ٹریکنگ پر مشتمل ڈی آر ایس، آلٹر موشن، بگی کیمرہ اور ڈرون کیمرہ بھی شامل ہیں۔