news
English

دورۂ انگلینڈ کیلیے اسکواڈ میں شامل مزید 7 کھلاڑی کورونا کا شکار

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے تین کرکٹرز، حیدر علی، حارث رؤف اور شاداب خان کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے کی تصدیق کی تھی

دورۂ انگلینڈ کیلیے اسکواڈ میں شامل مزید 7 کھلاڑی کورونا کا شکار فوٹو: پی سی بی

لاہور: دورہ انگلینڈ کے پاکستانی اسکواڈ میں شامل مزید 7 کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دورۂ انگلینڈ کے لیے نامزد ہونے والے اسکواڈ میں شامل 7 پاکستانی   کرکٹرز کے کورونا ٹیسٹ مثبت آ گئے ہیں، جن کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ان میں فاسٹ بالر وہاب ریاض، آل راؤنڈر محمد حفیظ، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، فخرزمان، کاشف حسین، عمران خان اور محمد حسنین شامل ہیں، جب کہ ٹیم مساجر ملنگ علی میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

دوسری جانب عابد علی، اسد شفیق، اظہر علی، بابراعظم، فہیم اشرف، فواد عالم، افتخار احمد، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عباس، نسیم شاہ، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، سہیل خان اور یاسر شاہ  کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے، جب کہ شعیب ملک، کلف ڈیکن اور وقار یونس کے ٹیسٹ ابھی تک نہیں ہوسکے۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے تین کرکٹرز، حیدر علی، حارث رؤف اور شاداب خان کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے کی تصدیق کی تھی، اور اب پاکستان کرکٹ ٹیم کے مجموعی طور پر 10 کھلاڑیوں میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے، تمام کھلاڑیوں میں ٹیسٹنگ سے قبل کوویڈ 19 کی کوئی علامات نہیں پائی گئیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے  تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ منگل کے روز 7 کھلاڑیوں اور ٹیم منیجمنٹ میں شامل ایک رکن کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں، مجموعی طور پر دورہ انگلینڈ کے لئے اسکواڈ میں شامل 35 کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کوویڈ 19 ٹیسٹ پیر کے روز لیے گئے، ان کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ٹیسٹ لاہور، کراچی اور پشاور میں لیے گئے تھے۔

ٹیم منیجمنٹ میں شامل جن آفیشلز کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں ان میں منصور رانا (منیجر )، مصباح الحق (ہیڈ کوچ)، شاہد اسلم (اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ)، یونس خان (بیٹنگ کوچ)، مشتاق احمد (اسپن باؤلنگ کوچ)، عبدالمجید (فیلڈنگ کوچ)، طلحہٰ بٹ ( ٹیم اینالسٹ)، یاسر ملک (اسٹرینتھ اینڈکنڈیشننگ کوچ)، ڈاکٹر سہیل سلیم (ٹیم ڈاکٹر)، لیفٹننٹ کرنل ریٹائرڈ عثمان رفعت (سیکورٹی منیجر ) اور رضا کیچلو (میڈیا اینڈ ڈیجیٹل کنٹنٹ منیجر ) شامل ہیں۔

پی سی بی کے مطابق میڈیکل پینل کورونا کے شکار تمام کھلاڑیوں اور ٹیم مساجر سے مسلسل رابطے میں ہے، اور ان تمام اراکین کو فوری طور پر سیلف آئسولیشن میں جانے کی ہدایت کردی گئی ہے جو کہ ان کے اور ان کی فیملی کے صحت اور حفاظت کے لیے بھی ضروری ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان کی مسلسل نگرانی کی جائے گی، اس دوران ان کی ہر ممکن مدد کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے دیگر ٹیسٹ لیے جائیں گے اور جیسے ہی ان کے 2 ٹیسٹ منفی آئیں گے تو وہ اسکواڈ کو جوائن کرنے کے لیے انگلینڈ روانہ ہوجائیں گے۔