رواں سال 26 مارچ کو کرکٹ آسٹریلیا نے اس سال نومبر میں پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کے شیڈول کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان شیڈول ون ڈے اور ٹی 20 سیریز سے متعلق اہم فیصلہ سامنے آگیا۔ پاکستانی ٹیم رواں سال نومبر میں تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے آسٹریلیا جائے گی۔ دو طرفہ سیریز سے قبل کرکٹ آسٹریلیا نے اہم فیصلہ کیا ہے۔
رواں سال 26 مارچ کو کرکٹ آسٹریلیا نے اس سال نومبر میں پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کے شیڈول کا اعلان کیا تھا۔
کرکٹ آسٹریلیا نے تین ون ڈے اور تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے اسٹیڈیم میں پاکستان فین زون بنانے کا اعلان کیا ہے اور مخصوص اسٹینڈ کو پاکستان فین زون کا نام دیا گیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے جاری کردہ بیان کے مطابق نماز کے لیے مخصوص جگہ اور حلال فوڈ کے پاس ایک اسٹینڈ کو پاکستان فینز زون کا درجہ دیا گیا ہے۔
میچ کے ہر وینیو پر ایک اسٹینڈ کو پاکستان فینز زون بنایا جائے گا اور اس کے قریب نماز کی جگہ مختص ہوگی اور حلال کھانوں کی دستیابی کا انتظام یقینی بنایا جائے گا۔
کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ پاکستان فینز زون کے ٹکٹوں سے متعلق تمام تفصیلات آئندہ ہفتے کو جاری کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ حالیہ دسمبر اور جنوری میں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں بھی پاکستانی فینز کے لیے کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے جب کہ چند روز قبل آسٹریلیا نے رواں سال ہونے والی بارڈر گواسکر ٹرافی کے لیے انڈیا فینز زون بنانے کا بھی اعلان کیا تھا۔