news
English

یہ فتح ورلڈکپ 2015 سے بھی بڑی ہے، آسٹریلین اسٹارز خوشی سے جھوم اٹھے   

ہم نے بھارت میں میزبان ٹیم کے خلاف مختلف کنڈیشنز میں چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے،پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ۔

یہ فتح ورلڈکپ 2015 سے بھی بڑی ہے، آسٹریلین اسٹارز خوشی سے جھوم اٹھے   

آسٹریلین پلیئرز نے 2023 کی ون ڈے ورلڈ کپ فتح کو 2015 کی جیت سے بڑا اوراہم قرار دے دیا۔ 
احمد آباد کے نریندر مودی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں 90 ہزار سے زائد شائقین کے سامنے کینگروز نے بھارتی ٹیم کے ارمان ٹھنڈے کردیے
آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے اسٹیو اسمتھ کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈریسنگ روم کے گمبھیر ماحول کو بیان کیا۔ 
میچ سے پہلے کمنز نے کہا تھا کہ ایک مخالف کھلاڑی کے طور پر تعصب سے بھرے بھارتی شائقین کو ان کے گھر میں اپنی پرفارمنس سے چُپ کرانے سے بہتر کوئی احساس نہیں۔ 
پیٹ کمنز نے کہا کہ ٹیم آسٹریلیا کی کپتانی سے ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنا "کرکٹ میں میرے عروج کا دن" تھا جب ان کی ٹیم نے اتوار کو احمد آباد میں چھ وکٹوں سے جیت کے ساتھ ٹورنامنٹ کے میزبان بھارت کے خوابوں کو چکنا چور کردیا۔ 
یہ میچ کمنز کے لیے ایک طرح سے ذاتی فتح بھی تھی، جس کے پہلے میدان میں اترنے کے فیصلے کی توثیق ہوئی کیونکہ بھارت نے ٹورنامنٹ میں اپنے پچھلے تمام 10 میچ جیتے تھے جسے ٹیم آسٹریلیا نے 240 کے معمولی اسکور پر آل آؤٹ کردیا، میگا ایونٹ میں بھارت کو آخری دن تک ناقابل شکست سمجھا جارہا تھا جسے کینگروز نے اس کے ہوم گرائونڈ پر ہزاروں شائقین کے سامنے ڈھیر کردیا۔  
جوش ہیزل ووڈ نے اس موقع پر کہا کہ میرے خیال میں ہماری حالیہ فتح 2015 کی جیت سے بھی بڑی ہے، اس وقت ہم نے اپنے ہوم گراؤنڈ اور ملکی شائقین کے سامنے یہ ٹرافی جیتی تھی، اور اب ہم نے یہاں بھارت میں میزبان ٹیم کے خلاف مختلف کنڈیشنز میں چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔   
مارنس لبوشین نے کہا کہ ہم نے آج جو حاصل کیا وہ ناقابل یقین ہے، یہ ہماری بہترین کامیابی ہے اور میں اس کا حصہ بننے پر بہت مسرور ہوں، ہمارے بولرز نے شاندار پرفارمنس پیش کی، میں اپنے جذبات کو الفاظ میں بیان نہیں کرپارہا ہوں۔،، 
ٹریوس ہیڈ نے کہا کہ ہم خوش قسمت رہے کہ سب چیزیں ہمارے موافق رہیں، میں اگرچہ کچھ نروس تھا، مارنس نے بھی غیرمعمولی اننگز کھیلی، روہت بدقسمت رہے، ہمارے لیے اس تاریخی موقع کا حصہ بننا نہایت خوش کن ہے۔ 
ٹیم آسٹریلیا کی تاریخی جیت پر مچل اسٹارک، ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ اور گلین میکسویل نے بھی جذبات کا اظہار کیا۔