news
English

رضوان سے غلط بیان منسوب کرنے پر آسٹریلوی کپتان کا بھارتی صحافی کوکرارا جواب

بھارتی صحافی نے غلط بیانی سے کام لیتے ہوئے رضوان کے بیان کو حماس سے منسوب کرکے تنازع پیدا کرنے کی کوشش کی تاہم پیٹ کمنز نے اُسے وہ جواب نہیں دیا جو وہ چاہتا تھا۔

رضوان سے غلط بیان منسوب کرنے پر آسٹریلوی کپتان کا بھارتی صحافی کوکرارا جواب

بھارتی صحافی کی جانب سے پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان سے غلط بیان منسوب کرکے آسٹریلوی کپتان سے اپنی مرضی کا جواب لینے کی کوشش ناکام ہوگئی۔ 
بنگلورو میں جمعرات کے روز پاکستان اور آسٹریلیا کے میچ سے قبل پریس کانفرنس میں بھارتی صحافی نے محمد رضوان سے جھوٹا بیان منسوب کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنزسے سوال کیا کہ محمد رضوان نے سری لنکا کے خلاف پاکستان کی جیت حماس کے نام کی تھی۔ کیا کرکٹ میں اس طرح کے بیانات ضروری ہیں یا آپ اسے کھیل کو سیاست زدہ کرنا سمجھتے ہیں؟۔ 
واضح رہے کہ محمد رضوان نے پاکستان کی جیت حماس نہیں بلکہ غزہ کے بہن بھائیوں کے نام کی تھی تاہم بھارتی صحافی نے غلط بیانی سے کام لیتے ہوئے اسے حماس سے منسوب کرکے تنازع پیدا کرنے کی کوشش کی تاہم پیٹ کمنز نے اُسے وہ جواب نہیں دیا جو وہ چاہتا تھا بلکہ ٹکا سا جواب دیکر مایوس کردیا۔ 
آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ ’’مجھے لگتا ہے مجھ تک آدھی بات پہنچی ہے لیکن ہاں مجھے کھیلوں کے لوگوں کو دیکھنا، ان کی شخصیتوں کو سامنے لانا پسند ہے البتہ یہ کوئی بہت مضبوط خیالات نہیں ہیں‘‘۔ 
واضح رہے کہ محمد رضوان نے سوشل میڈیا پوسٹ میں سری لنکا کیخلاف اپنی شاندار پرفارمنس پر ملنے والا مین آف دی میچ ایوارڈ غزہ کے مظلوم بہن بھائیوں کے نام کیا تھا جس پر ان کی آئی سی سی سے شکایت کی گئی تھی تاہم آئی سی سی نے اسے ان کا انفرادی معاملہ قرار دیا تھا۔
رضوان کی اس پوسٹ کی تکلیف صہیونی ریاست تک محسوس کی گئی تھی جس نے پاک بھارت میچ میں بھارت کی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم خوش ہیں کہ بھارت نے ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ پاکستان اپنی فتح حماس کے دہشت گردوں کے نام کرنے کے قابل نہیں رہا۔ 
اسرائیل کے معصوم فلسطینیوں پر مسلسل غیر انسانی حملوں کے بعد پاکستان کے دیگر کرکٹرز نے بھی فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔ قومی ٹیم کے متعدد کھلاڑیوں نے گزشتہ روز فلسطینیوں کی حمایت میں اپنے ایکس اکاؤنٹس پر فلسطین کے جھنڈے لگا کر غزہ کے شہریوں کیلئے اپنی حمایت کا اظہار کیا تھا۔ 
پاکستان اور آسٹریلیا کا میچ جمعہ 20 اکتوبر کو (آج) بنگلورو میں کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم نے ایونٹ میں اب تک 3 میچز کھیل رکھے ہیں جس میں اُسے 2 میں کامیابی ملی ہے جبکہ ایک میچ میں روایتی حریف کے ہاتھوں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔