news

’’ایسا لگتا ہے کہ دھانی پاکستانی پیسر نہیں ہے‘‘

شاہنواز دھانی کا قومی ون ڈے اسکواڈ میں عدم شمولیت پر ناراضی کا اظہار

’’ایسا لگتا ہے کہ دھانی پاکستانی پیسر نہیں ہے‘‘

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی قومی ون ڈے اسکواڈ میں عدم شمولیت پر خاصے ناراض ہیں۔ 
پیسر شاہنواز دھانی نے سوشل میڈیا پر اس حوالے سے لکھا کہ ملک میں کسی ایک بھی صحافی یا کرکٹ تجزیہ نگار میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ میرے اعدادوشمار سلیکٹرز کو دکھائے یا ان سے اس بارے میں کوئی سوال پوچھ سکے۔ 
سابق کپتان راشد لطیف کی قومی پیسرز کے حوالے سے سوشل میڈیا پوسٹ پر اپنی عدم موجودگی پر بھی دھانی نے ناخوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ایسا لگتا ہے کہ دھانی پاکستانی پیسر نہیں ہے، اس پر راشدلطیف نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے نئی فہرست مرتب کرنے کا کہا۔
قومی ٹیم کے 25 سالہ نوجوان کھلاڑی نے کھیلوں کے صحافیوں کی جانب سے سلیکٹرز سے سوالات کی کمی کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ کسی نے سوال اٹھانے یا ان اعدادوشمار کی طرف توجہ دلانے کی جرات نہیں کی جو اسکواڈ میں ان کی شمولیت کی حمایت کرتے ہیں۔  
دھانی نے ٹویٹ کیا کہ ’’ایک صحافی یا کرکٹ تجزیہ کار نے بھی سوال پوچھنے یا سلیکٹرز کو یہ اعدادوشمار دکھانے کی ہمت نہیں کی۔‘‘
بدھ کے روز قومی مینز سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق نے اے سی سی مینز ایشیا کپ اور افغانستان کے خلاف تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے لیے اسکواڈز کا اعلان کیا تھا۔ 
22 سے 26 اگست تک سری لنکا میں 18 کھلاڑیوں کا اسکواڈ افغانستان کے خلاف کھیلے گا اور 30 ​​اگست کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم سے شروع ہونے والے ایشیا کپ کے لیے اسے 17 کھلاڑیوں پر مشتمل کیا جائے گا جب پاکستان اپنا پہلا میچ نیپال کے خلاف کھیلے گا۔
پاکستانی اسکواڈ: 

بابر اعظم، (کپتان) شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، حارث رؤف، افتخار احمد، امام الحق، محمد حارث، محمد وسیم جونیئر، سعود شکیل (صرف افغانستان سیریزکے لیے منتخب ہوئے ہیں)، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہین آفریدی، طیب طاہر اور اسامہ میر۔