news
English

ڈیوڈملرنےمیچزکیلئے شادی ملتوی نہیں کی! فرنچائزنے وسیم اکرم کادعویٰ مستردکردیا

وسیم اکرم کے دعوؤں کو بی پی ایل فرنچائز فارچیون باریشال کے مالک نے بے بنیاد قرار دے دیا۔

ڈیوڈملرنےمیچزکیلئے شادی ملتوی نہیں کی! فرنچائزنے وسیم اکرم کادعویٰ مستردکردیا

بنگلہ دیش پریمئیر لیگ (بی پی ایل) کی معروف فرنچائز فارچیون باریشال نے پاکستان کی قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کے افریقی بیٹر ڈیوڈملر کو اپنی شادی ملتوی کرکے میچز کھیلنے کے دعوے کو مسترد کردیا۔ 
فارچیون باریشال کے مالک میزان الرحمان نے بنگلہ دیشی اخبار ‘دی ڈیلی اسٹار’ کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ گرین شرٹس کے سابق کپتان و کمنٹیٹر وسیم اکرم کی جانب سے بھاری رقم کے عوض شادی ملتوی کرکے لیگ میں میچز کھیلنے سے متعلق تمام باتیں جھوٹی ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم کے پاس غلط معلومات ہیں، وہ (ڈیوڈملر) صرف پیسوں کی وجہ سے لیگ سے نہیں جڑے رہے بلکہ اپنی جذباتی وابستگی کے باعث ٹیم کا حصہ رہے۔  
قبل ازیں مقامی اسپورٹس ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شائقین کی عدم دلچسپی پر بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کی فرنچائز نے بھاری معاوضے کے عوض فارچیون باریشال کی نمائندگی کرنے والے جنوبی افریقی بیٹر ڈیوڈ ملر کو آخری تین میچز کھیلنے کے لیے ڈیڑھ لاکھ ڈالرز (یعنی پاکستان کے 4 کروڑ 18 لاکھ سے زائدروپے) کی پیشکش کی تھی جس کے لئے کرکٹر نے اپنی شادی تک ملتوی کردی تھی۔  
یاد رہے کہ ڈیوڈ ملر بی پی ایل میں کوئی خاص کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے تھے جبکہ آخری تین میچز میں وہ محض 47 رنز اسکور کرسکے۔ سال 2024 میں فرنچائز نے تمیم اقبال کی قیادت میں ٹورنامنٹ کی ٹرافی اپنے نام کی تھی۔ 

واضح رہے کہ ڈیوڈ ملر نے حال ہی میں کیپ ٹاؤن میں اپنی برسوں پرانی گرل فرینڈ کیملا ہیرس سے شادی کی ہے۔