news
English

بال ٹیمپرنگ اسکینڈل:ڈیوڈ وارنر کو فیئرویل دینے پرمچل جانسن چراغ پَا

آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے بھی مچل جانسن کی تنقید کا جواب دے دیا۔

بال ٹیمپرنگ اسکینڈل:ڈیوڈ وارنر کو فیئرویل دینے پرمچل جانسن چراغ پَا

آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر اور سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل جانسن نے ایک دوسرے کے خلاف تنقید کے نشتر چلادیئے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق فاسٹ بولر مچل جانسن نے ایک کالم میں ڈیوڈ وارنر پر تنقید کرتے ہوئے انکی ریٹائرمنٹ اور فیئر ویل دینے پر سوالات اٹھائے تھے، ان کا کہنا تھا کہ اسکینڈل کا شکار کھلاڑی کو ہیرو کی طرح رخصت کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔
 
مچل جانسن کا کہنا تھا کہ تاریخی بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں پھنسنے والے کرکٹر کو انکی خواہش کے مطابق کیوں فیئر ویل دیا جا رہا ہے؟ 
اس کالم کے سامنے آنے کے بعد سابق فاسٹ بولر مچل جانسن کو آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان سیریز کے کمنٹری پینل سے بھی نکال دیا گیا ہے۔ 
دوسری جانب خود پر ہونے والی اس تنقید کا جواب دیتے ہوئے ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ سابق ساتھی اپنی رائے دینے کا حق رکھتے ہیں، یہ سیزن ہیڈلائن کے بغیر نہیں ہوگا، ہم پرتھ میں سیزن کے پہلے ٹیسٹ میچ کے منتظر ہیں۔  
ایک ٹی وی پروگرام میں ٹیم آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے بھی اس معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے خیال میں ہم ایک دوسرے کا بہت خیال رکھتے ہیں، ہم سالہا سال سے اکٹھے کھیل رہے ہیں، ڈیوڈ وارنر اور آسٹیو اسمتھ کے ساتھ کھیلتے ہوئے 12 برس ہو گئے ہیں۔ 

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 14 دسمبر سے پرتھ میں شروع ہوگا۔