آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر بھارت کے خلاف شیڈول 5 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریزسے باہر ہوگئے
تفصیلات کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا (سی اے)کے مطابق ڈیوڈ وارنر ورلڈ کپ 2023 کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں اور وہ 23نومبر سے بھارت میں شیڈول پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں شرکت نہیں کریں گے۔ 37 سالہ ڈیوڈ وارنر کی جگہ آل راؤنڈر ایرون ہارڈی کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ 23 نومبر کو وشاکاپٹنم میں کھیلا جائے گا۔ ڈیوڈ وارنرآئندہ سال پاکستان کے خلاف سڈنی ٹیسٹ میں شرکت کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے۔ انہوں نے آئی سی سی مینز ورلڈ کپ میں تقریباً 50 کی اوسط سے 535 رنز بنائے ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق ڈیوڈ وارنر کو آرام کی غرض سے وطن واپس بلایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا کی ورلڈ کپ 2023 کی فاتح ٹیم کے7 کھلاڑی ٹی ٹونٹی سیریز میں شامل ہیں۔ پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ، کیم گرین اور مچل مارش بھی بھارت کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے آسٹریلیا کو دستیاب نہیں ہوں گے۔ رواں سال کے آغازمیں جنوبی افریقہ میں آسٹریلیا کے لیے ڈیبیو کرنے والے آل راؤنڈر آرون ہارڈی کو ڈیوڈ وارنر کے متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
ٹی 20 سیریز میں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت میتھیو ویڈ کریں گے۔ بھارت کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے آسٹریلوی اسکواڈ میں میتھیو ویڈ (کپتان)، ایرون ہارڈی، جیسن بہرنڈورف، شان ایبٹ، ٹم ڈیوڈ، نیتھن ایلس، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلیس، گلین میکسویل، تنویر سنگھا، میٹ شارٹ، سٹیو سمتھ، مارکس سٹوئنس، کین رچرڈسن اور ایڈم زمپا شامل ہوں گے۔