news
English

ڈیبیو میچ میں پانچ وکٹیں: عامر جمال 14ویں پاکستانی کرکٹربن گئے

پرتھ ٹیسٹ: آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 487 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔

ڈیبیو میچ میں پانچ وکٹیں: عامر جمال 14ویں پاکستانی کرکٹربن گئے

قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر عامر جمال نے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میچ میں کینگروز کی چھ وکٹیں اڑادیں جس کے باعث وہ اپنے کیریئر کے پہلے ہی میچ میں 5 یا اس سے زائد وکٹیں لینے والے 14ویں پاکستانی کرکٹر بن گئے۔ 
پرتھ ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کرنے والے عامر جمال نے پہلی اننگز میں 6 آسٹریلوی بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی، انہوں نے ڈیوڈ وارنر، ٹریوس ہیڈ، ایلکس کیری، مچل اسٹارک، پیٹ کمنز اور نتھین لائن کی وکٹیں حاصل کیں۔ 
عامر جمال کی شاندار بولنگ کے باعث آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 487 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔  
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے عارف بٹ، محمد نذیر، شاہد نذیر، محمد زاہد، محمد سمیع، شبیر احمد، یاسرعرفات، وہاب ریاض، تنویر احمد، بلال آصف، نعمان علی، ابراراحمد اور شاہد آفریدی اپنے ڈیبیو میچ میں پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔ 
 
واضح رہے کہ آسٹریلیا کی سرزمین پر سال 1964 میں آخری بار پاکستانی بولر عارف بٹ نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا جس کے برسوں بعد نوجوان بولر عامر جمال نے ڈیبیو میچ میں کینگروز کی 5 سے زائد وکٹیں اڑا کر تاریخ رقم کی ہے۔