news
English

عامر جمال اورخرم شہزاد نے71 سالہ پاکستانی ٹیسٹ کی تاریخ بدل ڈالی

پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے عامر جمال 59 سال بعد آسٹریلوی سرزمین پر ڈیبیو میچ میں پانچ وکٹیں لینے والے پاکستانی بولر بن گئے۔

عامر جمال اورخرم شہزاد نے71 سالہ پاکستانی ٹیسٹ کی تاریخ بدل ڈالی

پرتھ ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے قومی بولر عامر جمال 59 سال بعد آسٹریلوی سرزمین پر ڈیبیو میچ میں پانچ وکٹیں لینے والے پاکستانی بولر بن گئے۔ عامر جمال نے پہلی اننگز میں 6 آسٹریلوی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔  
تفصیلات کے مطابق نوجوان فاسٹ بولر عامر جمال ڈیبیو میچ میں 5 یا اس سے زائد وکٹیں لینے والے 14ویں پاکستانی کرکٹر بن گئے۔ پرتھ ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کرنے والے عامر جمال نے پہلی اننگز میں 6 آسٹریلوی بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی، انہوں نے ڈیوڈ وارنر، ٹریوس ہیڈ، ایلکس کیری، مچل اسٹارک، پیٹ کمنز اور نتھین لائن کی وکٹیں حاصل کیں۔ 
عامر جمال کی شاندار بولنگ کے باعث آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 487 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔ ان کے ساتھ ہی ڈیبیو کرنے والے دوسرے بولر خرم شہزاد نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ 
پاکستان کی 71 سالہ ٹیسٹ تاریخ میں یہ پہلا واقعہ ہے جہاں ڈیبیو کرنے والے بولرز نے ایک ہی اننگز میں مجموعی طور پر 8 وکٹیں حاصل کی ہوں۔ 
 
دوسری جانب عامر جمال نے ڈیبیو پر 5 یا اس سے زائد وکٹیں لینے والے 14ویں پاکستانی کرکٹر بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ اس سے قبل پاکستان کی جانب سے عارف بٹ، محمد نذیر، شاہد نذیر، محمد زاہد، محمد سمیع، شبیر احمد، یاسرعرفات، وہاب ریاض، تنویراحمد، بلال آصف، نعمان علی، ابراراحمد اور شاہد آفریدی اپنے ڈیبیو میچ میں پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ سر انجام دے چکے ہیں۔ واضح رہے کہ دورہ آسٹریلیا کے دوران سال 1964ء میں آخری بار قومی بولر عارف بٹ نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا جس کے 59 سال بعد عامر جمال یہ کارنامہ سرانجام دینے والے پاکستانی بولر بن گئے ہیں۔