news
English

فاسٹ بولر محمد عامر کا ڈربی شائر کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا

گرین شرٹس کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر کا کاؤنٹی کرکٹ میں ڈربی شائر کےساتھ 2024 کے سیزن کے لیے معاہدہ طے پاگیا۔

فاسٹ بولر محمد عامر کا ڈربی شائر کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا

 قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمدعامر اس سے پہلے ایسیکس اور گلوسٹرشائر کی جانب سے کھیل چکے ہیں۔ تازہ ترین پیشرفت کے مطابق پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عامر کا کاؤنٹی کرکٹ میں معاہدہ ہوگیا ہے، ڈربی شائر نے محمد عامر کےساتھ 2024 کے کائونٹی کرکٹ سیزن کے لیے فاسٹ بولر سے معاہدہ کرلیا۔ 
محمد عامر بطور اوور سیز پلیئر اگلے سیزن کے پہلے ہاف کے لیے دستیاب ہوں گے، قومی فاسٹ بولر وائٹلٹی بلاسٹ کے گروپ اسٹیج کے تمام میچز کھیلیں گے۔ 
یاد رہے کہ محمد عامر اس سے پہلے کائونٹی کرکٹ میں ایسیکس اور گلوسٹرشائر کی جانب سے کھیل چکے ہیں۔  
اس حوالے سے کرکٹ ہیڈ ڈربی شائر مکی آرتھر نے کہا کہ محمد عامر دنیا کے بہترین بولر ہیں، مجھے خوشی ہے کہ ڈربی شائر میں ان کی واپسی ہوئی ہے، عامر ہماری ریڈ بال اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تمام بولرز کو لیڈ کریں گے۔ 
مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ مجھے عامر کی تمام خصوصیات کا اندازہ ہے،امید ہے کہ ڈربی شائر کے تمام چاہنے والے محمدعامر کو سپورٹ کریں گے۔
دوسری جانب محمد عامر نے کہا کہ میری کرکٹ کیریئر کے تجربات ماضی میں کاؤنٹی کرکٹ اور مکی آرتھر کے ساتھ بہترین رہے ہیں،کاؤنٹی چیمپئن شپ کو ہمیشہ انجوائے کیا اور بہت کچھ سیکھا ہے،اپنے تجربے سے ڈربی شائر کی ریڈ بال اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنی ٹیم کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کروں گا۔