news
English

ڈیرن سیمی پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ مقرر

پشاور زلمی میرے لیے فیملی کی طرح ہے، سابق ویسٹ انڈین کپتان

ڈیرن سیمی پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ مقرر

پاکستان سپر لیگ کے سیزن نو کیلئے سابق ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی کو پشاور زلمی کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا۔ 
ویسٹ انڈیز کو دو مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جتوانے والے ڈیرن سیمی پاکستان سپر لیگ سیزن ون سے پشاور زلمی فیملی کا حصہ ہیں۔ 
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے ڈیرن سیمی کو زلمی فیملی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کی ابتدا ہی سے ڈیرن سیمی پشاور زلمی ٹیم اور فیملی کا اہم ترین حصہ رہے ہیں اور پاکستان اور زلمی فینز کے پسندیدہ کرکٹر ہیں۔  
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیرن سیمی نے بطور کپتان پشاور زلمی کو پی ایس ایل ٹو جتوانے کے علاوہ بطور کوچ بھی پشاور زلمی کی فتوحات میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے۔  
دوسری جانب ڈیرن سیمی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے لیے پشاور زلمی کا حصہ بننے پر بے حد خوشی ہے، پشاور زلمی کی ٹیم میرے لیے ایک فیملی کی طرح ہے۔ 
 
انہوں نے کہا کہ بطور کپتان پشاور زلمی کے ساتھ پی ایس ایل ٹو کا ٹائٹل جیتنا میرے لیے بہت یادگار لمحات تھے، پی ایس ایل سیزن نو میں ایک بار پھر پشاور زلمی کو ٹرافی جتوانے کی کوشش کروں گا۔،،