جنوبی افریقہ کے نوجوان بیٹر نے پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم کو اپنا پسندیدہ کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بابراعظم ورلڈ کلاس بلے باز اور نوجوانوں کے لیے رول ماڈل ہیں۔
جنوبی افریقہ کے ابھرتے ہوئے اسٹار بلے باز ڈیولڈ بریوس نے گرہن شرٹس کے سابق کپتان بابراعظم کو اپنا پسندیدہ کھلاڑی قرار دے دیا۔
نوجوان بیٹر ڈیولڈ بریوس جنہیں ان کے میدان میں چاروں طرف کھیلنے کے انداز کی وجہ سے ‘بے بی اے بی ڈی ویلیئرز’ کے نام سے جانا جاتا ہے، نے بابراعظم کی بلے بازی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں اپنا ہمیشہ کے لیے پسندیدہ کھلاڑی قرار دیا۔
جنوبی افریقہ 20 لیگ میں بریوس سے ایک مداح نے بات چیت کے دوران ان کے پسندیدہ کھلاڑی کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سابق کپتان بابراعظم میرے لیے ہمیشہ سے پسندیدہ کھلاڑی کا اعزاز رکھتے ہیں۔
نوجوان بلے باز کی جانب سے مسکراتے ہوئے بابراعظم کا نام لیے جانے پر ان کے فین نے خوشی کا اظہار کیا اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
جنوبی افریقہ کے بلے باز کا کہنا تھا کہ ورلڈکلاس بابراعظم اپنی شاندار بیٹنگ اسکلز کی وجہ سے نہ صرف دنیا بھر میں مقبول ہیں بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک رول ماڈل کی حیثیت بھی رکھتے ہیں۔
بابر اعظم نے حال ہی میں نیوزی لینڈ کے ساتھ پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز میں مسلسل تین نصف سنچریوں کے ساتھ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، وہ اس سیریز میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے، انہوں نے 42.60 کی اوسط اور 142.00 کے اسٹرائیک ریٹ سے 213 رنز بنائے۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ میں جاری ایس اے ٹی 20 لیگ میں ڈیولڈ بریوس ممبئی انڈینز کیپ ٹاؤن کی نمائندگی کررہے ہیں۔