news
English

آئی پی ایل کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرنے میں ابھی وقت لگے گا، دھونی

آئی پی ایل کے رواں سیزن کے پہلے پلے آف میں چنئی سپر کنگز نے گذشتہ سال کی چیمپیئن گجرات ٹائٹنز کو 15 رنز سے شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ بنا لی ہے

آئی پی ایل کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرنے میں ابھی وقت لگے گا، دھونی

چنئی سپرکنگز کے کپتان ایم ایس دھونی کی قیادت میں چنئی کے چدمبرم اسٹیڈیم میں چار بار کی فاتح ٹیم نے پہلے پلے آف میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد گجرات ٹائٹنز کو 15 رنز سے شکست دی۔  رواں سال ایم ایس دھونی جہاں جہاں کھیلنے گئے مداحوں کا ایک سیلاب ان کو دیکھنے کے لیے پہنچا اور پورا سٹیڈیم اجلے زرد رنگ میں نہایا ہوا نظرآیا۔

چنئی سپرکنگز کے کپتان ایم ایس دھونی جو منگل کے روز چنئی سپر کنگز کو آئی پی ایل میں 10ویں بار فائنل میں لے جا چکے ہیں، نے کہا کہ وہ آئی پی ایل کی دسمبر میں ہونے والی نیلامی سے پہلے اپنے کھیل کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرنے کے لیے وقت نکالیں گے۔

کرکٹ مبصرین نے ان سے یہ سوال کیا کہ کیا یہ ان کا آخری آئی پی ایل ہے کہ لوگ انھیں اس قدر بڑی تعداد میں دیکھنے آئے ہیں۔

تو انھوں نے اپنے انداز میں جواب دیا۔

ہرش بھوگلے نے پوچھا کہ کیا چینئی کے ناظرین آپ کو دوبارہ یہاں دیکھیں گے؟ تو ایم ایس دھونی نے کہا کہ آپ یہ پوچھنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کیا میں یہاں دوبارہ کھیلوں گا یا نہیں؟

تو ہرش بھوگلے نے پوچھا کہ ’کیا آپ یہاں آکر دوبارہ کھیلیں گے؟

اس پر دھونی نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم کیونکہ میرے پاس فیصلہ کرنے کے لیے آٹھ نو مہینے ہیں، تو ابھی سے اس سر درد کو کیوں پالوں۔ میرے پاس فیصلہ لینے کے لیے کافی وقت ہے۔ میں یہ نہیں جانتا کہ میں اس ٹیم (چنئی سپرکنگز) کے ساتھ ایک کھلاڑی کے طور پر رہوں گا یا کسی اور حیثیت سے لیکن اتنا ضرور معلوم ہے کہ میں سی ایس کے ساتھ رہوں گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’میں31 جنوری سے اپنے گھرسے باہر ہوں۔ میں 2 یا 3 مارچ سے پریکٹس کر رہا ہوں تو دیکھتے ہیں کیا ہوگا، اس وقت میرے پاس فیصلہ کرنے کے لیے کافی وقت ہے۔‘

اس سے قبل ڈینی موریسن نے بھی آئی پی ایل کے رواں سیزن کے 45 ویں میچ کے دوران ٹاس کے بعد ان کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے پوچھا تھا۔

ڈینی موریسن نے یہ بھی کہا تھا کہ ’دھونی کو اس آخری سیزن میں ہر گراؤنڈ پر سپورٹ مل رہی ہے‘ اور پھر دھونی سے پوچھا کہ آپ اس کا مزہ کیسے لے رہے ہیں تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’اس کا مطلب ہے کہ آپ نے فیصلہ کر لیا کہ یہ میرا آخری سیزن ہے۔‘

معروف کمینٹیٹر ہرشا بھوگلے نے انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آئی پی ایل کی فرینچائز چینئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کے لیے کہا کہ 

’یہ آدمی ایک ہیرو کی طرح ہے۔ اس کی ایک جھلک دیکھنے کو، اسے پریکٹس کے لیے میدان پر آتا دیکھنے کے لیے آدھا اسٹیڈیم بھر جاتا ہے اور فینز انہیں 75 سال کی عمر تک بھی ریٹائر نہیں ہونے دیں گے۔‘

یاد رہے کہ آئی پی ایل کے رواں سیزن کے پہلے پلے آف میں چینئی سپر کنگز نے گذشتہ سال کی آئی پی ایل چیمپیئن گجرات ٹائٹنز کو 15 رنز سے شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔

چینئی سپر کنگز آئی پی ایل کی تاریخ میں 12 دفعہ پلے آف مرحلے میں پہنچی ہے جبکہ رواں سال دسویں بار وہ فائنل میں پہنچی ہے اور یہ دونوں باتیں اپنے آپ میں ریکارڈ بن چکی ہیں۔

چینئی سپرکنگز چار بار آئی پی ایل کی فاتح رہی ہے جبکہ ممبئی انڈینز پانچ بار یہ ٹورنامنٹ جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ایم ایس دھونی پانچویں بار اپنی ٹیم کو کامیابی دلا کر یہ ریکارڈ برابر کریں گے اور کیا وہ اس شاندار خطاب کے ساتھ آئی پی ایل سے رخصت ہوں گے؟