news
English

ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں اسٹیڈیم خالی، کھلاڑی ہی تماشائی بن گئے

ورلڈ کپ کے پہلے ہی میچ میں بھارتی کرکٹ بورڈ کی نااہلی کُھل کر سامنے آگئی۔

ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں اسٹیڈیم خالی، کھلاڑی ہی تماشائی بن گئے

بھارت میں آج سے شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے افتتاحی میچ میں ہی شائقین کرکٹ نے اسٹیڈیم کا رخ نہ کیا۔ 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر(ایکس) پر کچھ ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں محض چند سو تماشائی موجود ہیں، جبکہ اس سے قبل ورلڈ کپ میچز میں ہزاروں شائقین کے آنے کی پیش گوئی کی جارہی تھی۔
قبل ازیں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے میگا ایونٹ کے آغاز سے محض ایک روز قبل افتتاحی تقریب منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا جس سے شائقین کرکٹ میں شدید غم و غصہ نظر آیا تھا۔ 
بھارتی بورڈ کی جانب سے بغیر کوئی ٹھوس وجہ بتائے افتتاحی تقریب منسوخ کردی گئی تھی جبکہ کیپٹنز ڈے کے موقع پر جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان تقریب میں سوتے ہوئے نظر آئے تھے۔ 
کرکٹ فینز کا کہنا ہے کہ بھارت میں ورلڈکپ 2023 کیلئے کوئی جوش و خروش نظر نہیں آرہا ہے۔

دوسری جانب بھارتی بورڈ اور حکومت کی ہٹ دھرمی برقرار ہے، انہوں نے پاکستانی صحافیوں سمیت تماشائیوں کو تاحال ویزے جاری نہیں کیے ہیں۔

سال 1975 سے کھیلے جارہے ورلڈکپ مقابلوں میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ پاکستانی فینز یا صحافیوں کو ویزے جاری نہ کیے گئے ہوں۔