پاور ہٹنگ کو بڑھانے کے لیے ہمارے پاس زیادہ تجربات کرنے کا وقت نہیں، آغاسلمان، شاداب خان اور محمد نواز کے ساتھ، ہمارے پاس کافی اسٹرینتھ موجود ہے، امام الحق
قومی ٹیم کے اوپنر بلے باز امام الحق نے کہا ہے کہ مڈل آرڈر میں کھیلنے کے لیے افتخاراحمد اور محمد حارث کی ضرورت نہیں ہے۔
اوپنر کا خیال ہے کہ 2023 ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کے پاس اپنی پلیئنگ الیون کے ساتھ تجربہ کرنے کے لیے زیادہ میچز باقی نہیں ہیں اس لیے انہوں نے افتخار احمد اور محمد حارث جیسے پاور ہٹرز کو لوئر مڈل آرڈر میں شامل کرنے کا خیال ترک کر دیا ہے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں امام سے پوچھا گیا کہ کیا پاکستان کو نیوزی لینڈ سیریز کے بقیہ میچوں میں پاور ہٹنگ کو تقویت دینے کے لیے مڈل آرڈر میں افتخار احمد اور محمد حارث کی ضرورت ہے؟
امام الحق نے جواب دیا کہ اگر میں آپ کو ایمانداری سے کہوں تو مجھے ایسا نہیں لگتا، کیونکہ ہمارے پاس تجربات کرنے کا وقت نہیں ہے اور آغاسلمان، شاداب خان اور محمد نواز کے ساتھ، ہمارے پاس کافی اسٹرنتھ موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سلمان آغا نے آج بہت اچھا کھیلا ہے انہوں نے 32 رنز بنائے اور ایک یا دو وکٹیں بھی لیں۔ نواز اور شاداب بھی واقعی اچھے ہٹر اور آل راؤنڈر ہیں اس لیے میرے خیال میں ہمیں ان لڑکوں کو اعتماد دینے کی ضرورت ہے اگر ہمارے پاس زیادہ میچ ہوتے تو ہم حارث اور افتخار کو موقع دے سکتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ سنچری نہ کرنے کا افسوس ہوتا ہے لیکن مجموعی طور پر پاکستان کے جیتنے کی خوشی ہے، میری یہی خواہش ہے کہ ٹیم کی جیت میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہوں۔