news

دوستوں کو پی ایس ایل کا مفت میچ دکھانے والا اہلکار اور نوجوان مشکل میں پھنس گئے

 لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں دوستوں کو پاکستان سپرلیگ کا میچ مفت دکھانے والے ڈولفن اہلکار کو 7 نوجوانوں سمیت گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

دوستوں کو پی ایس ایل کا مفت میچ دکھانے والا اہلکار اور نوجوان مشکل میں پھنس گئے

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسٹیڈیم میں مفت میچ دیکھنے کا شوق نوجوانوں کو حوالات لے گیا جبکہ دوستوں کو مفت کرکٹ میچ دکھانے پر ڈولفن اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ایس ایچ او گلبرگ نے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کیا اور مفت میچ دیکھنے والوں کو بھی حراست میں لیا۔۔

پولیس حکام کے مطابق ڈولفن اہلکار منور حسین کے خلاف 420 اور 155سی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہوا جبکہ ایس ایچ او گلبرگ نے ڈولفن اہلکار کو ساتھیوں سمیت گیٹ نمبر 5 سے حراست میں لیا۔

ڈولفن اہلکارنے ایک روز قبل قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندر بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میچ کے دوران چھ افراد کی بغیر ٹکٹ انٹری کروائی تھی۔

دوسری جانب ایس پی ڈولفن زوہیب رانجھا نے نوٹس لے کر اہلکار منور کو معطل کرکے تحقیقات کا حکم دے دیا۔ ترجمان ڈولفن فورس کے مطابق ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز ڈولفن واقعہ کی مکمل انکوائری کریں گے، جس کی روشنی میں اہلکار کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ایس پی ڈولفن زوہیب رانجھا نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، اختیارات کے ناجائز استعمال پر بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔