آسٹریلوی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے 18 رکنی اسکواڈ منتخب کیا ہے، چیف سلیکٹر
قومی ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کیلئے فاسٹ بولر محمد عباس کو 18 رکنی اسکواڈ میں شامل نہ کرنے پر چیف سلیکٹر کا بیان سامنے آگیا۔
گزشتہ روز پریس کانفرنس میں چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے فاسٹ بولر محمد عباس پر حسن علی، خرم شہزاد اور میر حمزہ کو ترجیح دینے کے فیصلے کے بارے میں وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ آسٹریلوی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم منتخب کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محمد عباس اچھے بولر ہیں اور ان کی کاؤنٹی کرکٹ میں پرفارمنس شاندار رہی ہے جس پر نظر رکھی ہوئی ہے، ہم نے آسٹریلوی کنڈیشنز کو ذہن میں رکھا کیونکہ وہاں گیند زیادہ بائونس اور ریورس کرتی ہے اور حسن علی ان کنڈیشنز میں زیادہ کارگر ثابت ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ محمد عباس نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 25 ٹیسٹ میچوں میں 23.02 کی اوسط اور 2.42 کی اکانومی کے ساتھ 90 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ فاسٹ بولر نے سال 2021 میں پاکستان کی جانب سے آخری ٹیسٹ میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا تھا۔