news
English

دورہ نیوزی لینڈ کےلیے قومی ٹیم کا اعلان، 3 وکٹ کیپر شامل  

شاہین آفریدی پہلی مرتبہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں قیادت کے فرائض سرانجام دیں گے۔

دورہ نیوزی لینڈ کےلیے قومی ٹیم کا اعلان، 3 وکٹ کیپر شامل  

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے 17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ 
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر نے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا، جس میں شاہین شاہ آفریدی بطور کپتان فرائض سرانجام دیں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم، فخر زمان، محمد رضوان، صائم ایوب، حسیب اللہ خان، محمد نواز، افتخار احمد، محمد رضوان، حارث رؤف، زمان خان، عامر جمال، اعظم خان، عباس آفریدی، صاحبزادہ فرحان، ابرار احمد، اسامہ میر اور محمد وسیم جونئیر شامل ہیں۔ 
چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے دوران انجری کا شکار ہونے والے لیگ اسپنر شاداب خان کو آرام کیلئے مزید 2 ہفتے درکار ہیں، وہ اپنا ری ہیب جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ نوجوان وکٹ کیپر محمد حارث کو بھی دورہ نیوزی لینڈ کے دوران آرام کروایا گیا ہے۔
وکٹ کیپرز کی بڑی تعداد کو دورہ نیوزی لینڈ میں شامل کرنے کے حوالے سے وہاب ریاض نے کہا کہ ڈومیسٹک اور لیگز میں پرفارمنس دینے کے بعد کرکٹرز کو منتخب کیا ہے، اعظم خان کو فٹنس کے حوالے سے کام کرنے کا کہا ہے لیکن انکی پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے 17 رکنی اسکواڈ میں جگہ دی ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ مڈل آرڈر میں خوشدل شاہ، محمد آصف اور شعیب ملک کو ماضی میں موقع ملا تاہم وہ فائدہ اُٹھانے میں ناکام رہے اب کوشش کریں گے کہ بیک اَپ تیار کریں تاکہ ورلڈکپ سے قبل ہمارے پاس ٹیم کا ایک اچھا کمبینیشن موجود ہو۔  
چیف سلیکٹر نے کہا کہ احسان اللہ، شاداب خان، محمد حسنین، نسیم شاہ چاروں اَن فٹ تھے مگر یہ چار کھلاڑی ہمارے پلانز کا حصہ ہیں، ہم ان پر انجری سے واپس آتے ہی لوڈ نہیں ڈالنا چاہتے اس لیے نوجوان کرکٹر کو موقع دیا ہے البتہ احسان اللہ کی انجری سے مکمل ری کور نہیں کرسکے ہیں اس لیے وہ شاید پی ایس ایل کا حصہ نہ ہوں۔ 

انہوں نے کہا کہ ٹی20 کے ٹاپ پرفارمرز کے لئے ایک کیمپ لگائیں گے، جس میں کامران غلام، عمیر بن یوسف، احمد شہزاد، محمد حارث، شہاب خان، محمد عمران، محمد عامر خان، اور عارف یعقوب شامل ہیں۔