news
English

بھارتی کرکٹ بورڈ میں انتہا پسند بیٹھے ہیں، چیئرمین پی سی بی

بھارت کے ساتھ برابری کی بنیاد پر بات ہوگی، احسان مانی

بھارتی کرکٹ بورڈ میں انتہا پسند بیٹھے ہیں، چیئرمین پی سی بی فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ میں انتہا پسند بیٹھے ہیں۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ میں انتہا پسند ہیں اور اب بھارت کے ساتھ برابری کی بنیاد پر بات ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا کام ملک کو چلانا ہے وہ کسی ٹیم کو کیوں دعوت دیں۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ انگلینڈ 2021 اور آسٹریلیا 2022 میں پاکستان آئیں گے، اگلے ماہ ایم سی سی بھی آرہی ہے، بنگلہ دیش سے بات چل رہی ہے اس کے ساتھ ٹیسٹ میچ راولپنڈی میں ہی ہونگے، پاکستان محفوظ ملک ہے اگر کسی کو اعتراض ہے تو وہ آگاہ کرے۔

چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ ہماری خامیاں دورہ آسٹریلیا میں سامنے آگئی تھیں، ہمیں کرکٹ کو بین الاقوامی معیارپر لانا ہوگا، باؤلنگ لیب میں ہمارے بالرز کی تربیت ہوتی ہے، ہمارے پاس 7 سلیکٹرز ہیں اور سب کے سب کرکٹرز رہ چکے ہیں۔