news
English

انگلینڈ کیلیے پاکستان سے سیریزری شیڈول کرنا دشوار

انگلش بورڈ کا آج اجلاس،’دی ہنڈرڈ‘ کاایک برس کیلیے التوا متوقع

انگلینڈ کیلیے پاکستان سے سیریزری شیڈول کرنا دشوار فوٹو: شفیق ملیک

انگلینڈ کیلیے پاکستان سے سیریز ری شیڈول کرنا دشوار ہوگیا جب کہ پی سی بی 3 ٹیسٹ میچز ستمبر میں کھیلنے سے گریزاں ہے۔

پاکستان کو رواں برس اپنے دورئہ یورپ کے دوران انگلینڈ سے 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز بھی کھیلنا ہے، پہلا میچ 30 جولائی کو شروع ہوگا جبکہ آخری ٹیسٹ 20 اگست سے شیڈول ہے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں اپنی ہوم انٹرنیشنل سیریز ری شیڈول کرنے کیلیے مختلف آپشنز پر غور کررہا ہے، ایسے میں اس کی خواہش تھی کہ پاکستان سے سیریز ستمبر تک ملتوی کردی جائے۔

ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی سیریز کے ستمبر میں انعقاد کے حق میں نہیں کیونکہ اس طرح یہ ایشیا کپ سے متصادم ہوجائے گی جس کی میزبانی پاکستان کو کرنا ہے۔

اس حوالے سے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی اہم میٹنگ جمعرات کو شیڈول ہے، جس میں مختلف آپشنز زیر بحث آئیں گے، اس موسم گرما میں انگلینڈ کو ویسٹ انڈیز کی بھی 3 ٹیسٹ میچز کیلیے جون میں میزبانی کرنا ہے، کیریبیئن بورڈ جولائی تک منتقلی کیلیے بھی راضی ہے مگر اس صورت میں پاکستان سے سیریز کا شیڈول متاثر ہونا یقینی ہو جائے گا۔

ویسٹ انڈین ٹیم سے سیریز کی ایک ونڈو دسمبر بھی ہے مگر تب انگلینڈ کو کیریبیئن جزائر جاکر کھیلنا پڑے گا۔ جمعرات کی میٹنگ میں نئے ایونٹ ’دی ہنڈرڈ‘ کے ایک برس کیلیے التوا، کاؤنٹی چیمپئن شپ اور ٹی 20 بلاسٹ کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے جائیں گے۔