news
English

پاکستان کے انگلش ٹور کا رنگ پھیکا پڑنے کا امکان

روٹیشن پالیسی کی وجہ سے کچھ میزبان کھلاڑیوں کی دستیابی مشکل ہوگی

پاکستان کے انگلش ٹور کا رنگ پھیکا پڑنے کا امکان فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کے انگلش  ٹور کا رنگ بھی پھیکا پڑنے کا امکان ہے، میزبان اسٹارز کرکٹرز کی روٹیشن پالیسی کے باعث دستیابی مشکل ہوگی، کپتان ایون مورگن کہتے ہیں کہ ملٹی فارمیٹ پلیئرز ہوم سیزن کے دوران کچھ میچز نہیں کھیل سکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے رواں برس انگلینڈ کا محدود اوورز کی سیریز کیلیے انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے تاہم میزبان اسٹارز پلیئرز کی عدم دستیابی کی صورت میں اس سیریز کا بھی رنگ پھیکا پڑنے کا امکان ہے۔ بین اسٹوکس، جوز بٹلر اور جوفرا آرچر  جیسے کھلاڑی انگلینڈ کی جانب سے کھیل کے تینوں فارمیٹس کھیلتے ہیں، بائیوسیکیور ببل کی سختیوں کے باعث انگلش ٹیم مینجمنٹ اپنے کھلاڑیوں کیلیے روٹیشن پالیسی اختیار کیے ہوئے ہے جبکہ انھیں آنے والے آئی پی ایل سیزن میں بھی حصہ لینا ہے۔

احمد آباد میں بھارت کے خلاف سیریز کے آخری ٹی 20 میں شکست کے بعد انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن کہتے ہیں کہ مصروف ترین انٹرنیشنل شیڈول کی وجہ سے تینوں فارمیٹس کھیلنے والے پلیئرز کا پورے ہوم سیزن کے دوران ایکشن میں رہنے کا امکان بہت کم ہے، ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ملٹی فارمیٹ پلیئرز سری لنکا اور پاکستان کے خلاف سیریز کیلیے عدم دستیاب ہوسکتے ہیں، کھلاڑی مسلسل بائیوببل میں رہتے ہوئے کرکٹ کھیل رہے اور انھیں مسلسل کھیلتے رہنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا، کھلاڑیوں کی دستیابی کا انحصار بائیو سیکیور ماحول سے متعلق قوانین پر ہے۔

اس بات کو مدنظر رکھنا ہوگا کہ وہ اس میں رہتے ہوئے اپنی فیملیز سے مل سکتے ہیں یا نہیں۔  مورگن کا مزید کہنا تھا کہ ہم لوگ خوش قسمت ہیں کہ اس ٹور میں کھلاڑیوں کی زیادہ انجریز کا سامنا نہیں کرنا پڑا مگر فاسٹ بولرز کو فٹ رکھنے کیلیے مناسب آرام دینا بھی ضروری ہوتا اور اسی چیز کو ہم مدنظر رکھیں گے۔ یاد رہے کہ انگلینڈ اپنے ہوم سیزن کا آغاز نیوزی لینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز سے کرے گا، جس کے بعد سری لنکا سے 3 ٹی 20 اور اتنے ہی ون ڈے میچز کی سیریز شیڈول ہے۔

انگلش ٹیم کی اگلی آزمائش پاکستان سے 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹیم ٹوئنٹی 20 میچز ہوں گے، انگلینڈ اپنے سمر سیزن کا اختتام بھارت کے خلاف 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز پر کرے گا جس کے بعد انگلش ٹیم 2 ٹی 20 میچز کی سیریز کیلیے اکتوبر میں پاکستان کا رخ کرے گی اور پھر ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے کیلیے بھارت چلی جائے گی۔ یاد رہے کہ اس سے پاکستان ٹیم سے ہوم ٹوئنٹی 20 سیریز کے دوران جنوبی افریقہ کو بھی اپنے اسٹار کرکٹرز کا ساتھ حاصل نہیں ہوگا جوکہ اس وقت آئی پی ایل میں اپنی متعلقہ ٹیموں کو جوائن کرچکے ہوں گے۔