برطانوی کرکٹرز کا پاکستانی نژاد ہونا بھارت میں جرم بن گیا۔
انگلش اسپنر شعیب بشیر کے بعد ایک اور پاکستانی نژاد انگلش کرکٹر ریحان احمد کو بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ سے قبل ویزا جاری نہ ہوسکا۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق انگلش اسپنر ریحان احمد کو ویزا مسائل کی وجہ سے بھارتی حکام نے راجکوٹ کے ہیراسر ایئرپورٹ سے باہر نکلنے سے روک دیا۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اگلے 24گھنٹوں کے دوران مسئلہ حل ہوجائے گا جبکہ اسکواڈ کے دیگر ارکان راجکوٹ میں ٹیم کے لیے بک کرائے گئے ہوٹل پہنچ چکے ہیں۔
اس سے قبل بھارتی حکام نے پاکستانی نژاد انگلش اسپنر شعیب بشیر کو تاخیر سے ویزا جاری کیا تھا، جس پر برطانوی حکومت اور انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
بین اسٹوکس نے ایک موقع پر نوجوان اسپنر کے بغیر ٹور پر جانے سے بھی انکار کر دیا تھا جبکہ دباؤ بڑھنے پر بھارتی حکام نے انہیں ویزا جاری کردیا تھا، تاہم اب ایک اور انگلش پلیئر کو پاکستانی نژاد ہونے کی بنا پر بھارت کے ویزے کے اجرا میں تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔