news
English

بٹلر اور ہیلز نے بھارت کے خلاف ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا

ایڈیلیڈ: ٹی20 ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کو انگلینڈ کے ہاتھوں 10 وکٹوں سے بدترین شکست ہوئی ہے۔

بٹلر اور ہیلز نے بھارت کے خلاف ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں انگلش کپتان جوز بٹلر اور ایلکس ہیلز کی اوپننگ جوڑی نے بھارت کے خلاف اہم میچ میں شاندار اعزاز اپنے نام کرلیا۔

دونوں بیٹرز نے 170 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، یہ ٹی20 ورلڈکپ کی تاریخ میں کسی بھی وکٹ کے لئے سب سے بڑی شراکت داری تھی۔

ایلکس ہیلز نے 47 گیندوں پر 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 86 جبکہ جوز بٹلر نے 49 گیندوں پر 2 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 80 رنز بنائے۔

دونوں کھلاڑی ناٹ آئوٹ رہے اور بھارتی ٹیم کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکی۔

اس سے قبل جنوبی افریقی بیٹر کوئنٹن ڈی کاک اور ریلی روسو نے ٹی20 ورلڈکپ 2022 کے سپر 12 مرحلے میں 168 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تھی جبکہ سال 2021 کے ٹی20 ورلڈکپ میں محمد رضوان اور بابر اعظم کی جوڑی نے بھارت کے ہی خلاف 152 رنز کی اوپننگ شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا تھا۔

سال 2010 کے ٹی20 ورلڈکپ میں سابق سری لنکن کپتان مہیلا جے وردھنے اور کمارا سنگاکارا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 166 رنز کی شراکت داری قائم کی تھی۔

دوسری جانب ٹی20 ورلڈکپ کے فائنل میں انگلش ٹیم کو پاکستان سے مقابلے کا چیلنج درپیش ہوگا۔ ٹورنامنٹ کا فیصلہ کن معرکہ 13 نومبر (اتوار) کو میلبرن کے تاریخی گرائونڈ میں ہوگا۔