news
English

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ میں فواد عالم کو شامل ہونا چاہئے تھا، شاہد آفریدی

 کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی بھی انگلینڈ کے خلاف سیریز میں مڈل آرڈر بیٹر فواد عالم عالم کو ڈراپ کرنے پر بول اُٹھے۔

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ میں فواد عالم کو شامل ہونا چاہئے تھا، شاہد آفریدی

کراچی میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف آنے والی ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے فواد عالم کو پاکستانی ٹیم سے ڈراپ نہیں کرنا چاہیے تھا، فواد کی پاکستان کےلیے بڑی پرفارمنسز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کو صرف بابار اور شاہین پر انحصار نہیں کرنا چاہیے، ٹیم میں اور بھی کھلاڑی ہوتے ہیں اور سب مل کر جیت کی راہ ہموار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا عالمی کپ کا فائنل کھیلنا بڑی کامیابی ہے تاہم قومی ٹیم کو غلطیوں سے سیکھنا ہوگا، 92 کا ورلڈکپ بھی ہم اسی طرح جیتے تھے۔

شاہین آفریدی کی انجری کے حوالے سے کیے گئے سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی مکمل فٹ تھے اس ہی وجہ سے وہ ورلڈ کپ کھیل رہے تھے۔ انہیں نئی انجری ہوئی ہے جو کیچ لیتے ہوئے ہوئی، ان کی بحالی میں دو سے تین ہفتے لگ جائیں گے، ہمیں اپنی بینچ مضبوط کرنا چاہیے۔

 سابق کپتان نے کہا کہ بنگلہ دیش انڈر 19 کا پاکستان آکر ہوم گراؤنڈ پر شکست دینا بہت سے سوالات پیدا کرتا ہے، ہمیں ٹیم کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

شاہد آفریدی نے قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی کپ میں بڑے دلچسپ اپ سیٹ ہو رہے ہیں، میری فیوریٹ ٹیم جرمنی ہے۔ سعودی عرب کو ارجنٹیا جیسی ٹیم کے خلاف فتح پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 18 رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔

فواد عالم، یاسر شاہ اور حسن علی انگلینڈ کے خلاف اسکواڈ میں جگہ نہ بنا سکے۔

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی، پہلا ٹیسٹ میچ یکم دسمبر سے پنڈی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔