news
English

انگلینڈ کو بڑا دھچکا، اہم بولر ورلڈ کپ سے باہر  

ریس ٹوپلے اگلے 24 گھنٹوں میں بھارت سے واپس برطانیہ روانہ ہوجائیں گے جہاں میڈیکل ٹیمیں ان کا معائنہ کریں گی۔ 

انگلینڈ کو بڑا دھچکا، اہم بولر ورلڈ کپ سے باہر  

آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے دوران انگلش ٹیم کوبڑا دھچکا لگ گیا، اہم بولر ریس ٹوپلے انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔ 
انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق فاسٹ بولر ریس ٹوپلے بائیں ہاتھ کی انگلی میں فریکچر کے باعث ورلڈ کپ کے باقی میچز نہیں کھیل سکیں گے۔ وہ ہفتے کے روز جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں فیلڈنگ کے دوران زخمی ہوگئے تھے۔ 
ای سی بی نے مزید کہا کہ ریس ٹوپلے اگلے 24 گھنٹوں میں بھارت سے واپس برطانیہ روانہ ہوجائیں گے جہاں میڈیکل ٹیمیں انکا معائنہ کریں گی۔ ای سی بی نے تاحال ریس ٹوپلے کے متبادل کھلاڑی کا اعلان نہیں کیا۔ 
واضح رہے کہ دفاعی چیمپئن انگلینڈ ورلڈ کپ میں اب تک اپنے چار میچوں میں سے صرف ایک میچ جیتنے میں کامیاب ہوا ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر نویں نمبر پر ہے۔ 
ہفتے کے روز وانکھیڈے اسٹیڈیم ممبئی میں ہونے والے دلچسپ مقابلے میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو 229 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی تھی۔ جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو جیت کے لئے 400 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں انگلش ٹیم 177 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔  
اس سے قبل افغانستان نے بھی انگلینڈ کو 69 رنز سے شکست دیکر ورلڈ کپ 2023 کا پہلا بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف 9 وکٹوں سے شاندار فتح سمیٹی تھی۔ 

رواں ٹورنامنٹ کے دوران انگلینڈ اب تک صرف بنگلہ دیش سے جیتنے میں کامیاب ہوسکا ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم اپنا پانچواں میچ جمعرات کو بنگلورو میں سری لنکا کیخلاف کھیلے گی۔ سری لنکا بھی چار میچز میں سے صرف ایک ہی جیت سکا ہے۔