news
English

ورلڈکپ: انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 137 رنزکے بڑے مارجن سے ہرادیا

دیوڈ ملان کی سنچری اور ریس ٹوپلی کی شاندار بولنگ کی بدولت انگلش ٹیم نے ورلڈ کپ میں پہلی فتح حاصل کرلی۔

ورلڈکپ: انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 137 رنزکے بڑے مارجن سے ہرادیا

ورلڈ کپ 2023 کے اہم میچ میں انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 137 رنز کے بڑے مارجن سے ہرا کر پہلی کامیابی حاسل کرلی۔ 
دھرم شالا میں ہونے والے ورلڈکپ کے 7ویں میچ میں انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 137 رنز سے شکست دے دی۔
دھرم شالہ میں کھیلے جانے والے اہم میچ میں انگلش اوپنرز نے میچ کی ابتدا سے ہی بنگلہ دیشی بولرز کے خلاف جارحانہ رویہ اپنائے رکھا اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 115 رنز کا آغاز فراہم کیا، جونی بیرسٹو 59 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیل کربنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن کا شکار ہوگئے۔ 
دوسری وکٹ کی شراکت میں ڈیوڈ ملان اور جو روٹ نے 151 رنز کی زبردست پارٹنرشپ قائم کی، ملان 16 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 140 کی اننگز کھیل کر مہدی حسن کا شکار ہوگئے۔ انگلش کپتان جوز بٹلر 20 رنز پر چلتے بنے، جوروٹ 82 جبکہ لیام لیونگ اسٹون صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ سیم کرن 11، کرس ووکس 14 اور عادل راشد 11 رنز پر پویلین لوٹے۔ 
بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن نے 4، شوریف اسلام نے 3 جبکہ شکیب الحسن اور تسکین احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 
انگلینڈ نے مقررہ 50اوورز میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے9 وکٹوں کے نقصان پر 364 رنز بنائے۔ 365 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ دوسرے اوور کی چوتھی گیند پر گری جب تنزید حسن 14 رنز بناکر ریس ٹوپلی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، اگلی ہی گیند پر ٹوپلی نے ہی مہدی حسن کو صفر پر پویلین بھیج دیا، بنگلہ دیش کی تیسری وکٹ بھی ٹوپلی کے ہی حصے میں آئی جب انہوں نے صرف 26 رنز پر کپتان شکیب الحسن کو پویلین بھیج دیا، مہدی حسن میراز بھی 8 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ لٹن داس 76 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ مشفیق الرحیم 51 رنز بناسکے۔ توحید ہردوئے 39، مہدی حسن 14، تسکین احمد 15، شوریف الاسلام 12 اور مستفیض الرحمان 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی طرف سے ریس ٹوپلی نے 4 اور کرس ووکس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ سیم کرن، مارک ووڈ، عادل رشید، لیام لیونگ اسٹون ایک، ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔
قبل ازیں بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے جیت کے تسلسل کو برقرار رکھیں۔ 
اس موقع پر انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی سمیٹ کر ورلڈکپ میں کم بیک کرنا چاہتے ہیں۔
بنگلہ دیش کا اسکواڈ:
پتان شکیب الحسن، لٹن داس، تنزید حسن، نجم الحسن شانتو، مہدی حسن میراز، مشفق الرحیم، توحید ہردوئے، مہدی حسن، تسکین احمد، شوریف الاسلام، مستفیض الرحمان پر مشتمل ہے۔
انگلینڈ کا سکواڈ:
کپتان جوز بٹلر، جونی بیرسٹو، ڈیوڈ ملان، جو روٹ، ہیری بروک، لیام لیونگسٹون، سیم کرن، کرس ووکس، مارک ووڈ، عادل رشید، ریس ٹوپلی۔