news
English

ورلڈکپ وارم اپ میچز: انگلینڈ اورنیوزی لینڈ نے اپنے اپنے مقابلے جیت لیے

ورلڈ کپ وارم اپ میچز میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو ہرادیا جبکہ انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو شکست سے دوچار کیا۔ 

ورلڈکپ وارم اپ میچز: انگلینڈ اورنیوزی لینڈ نے اپنے اپنے مقابلے جیت لیے

دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ ورلڈ کپ کے باضابطہ آغاز سے قبل وارم اپ میچز کا سلسلہ جاری ہے، انگلینڈ نے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش کو ہرادیا۔ 
ورلڈ کپ وارم اپ مقابلے میں انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت چار وکٹوں سے شکست دی۔ گوہاٹی میں کھیلا گیا یہ میچ بارش کے باعث 37 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیاتھا۔ 
بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 188رنز بنائے، مہدی حسن میراز کی 74 رنز کی زبردست اننگز جبکہ تنزید حسن کے 45 رنز نمایاں رہے۔ انگلینڈ کے ریس ٹوپلے نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ 
انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف 25ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ معین علی نے 39 گیندوں پر 56 رنز بنائے جبکہ جونی بیئرسٹو نے 34 رنز بنائے۔ بارش سے متاثرہ اس میچ میں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت انگلینڈ کو فتح کیلئے 197 رنز کا ہدف دیا گیا تھا۔دوسری جانب 
ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو 7 رنز سے ہرادیا۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان تھیروواننتھاپورم میں کھیلے گئے میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ہوا۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنائے۔ ڈیون کونوے نے 78 رنز کی زبردست اننگز کھیلی، ٹام لیتھم نے 52 اور گلین فلپس نے 43 رنز بنائے۔ 
جواب میں جنوبی افریقہ نے 37 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے۔ ڈی کوک نے 84، وین ڈر ڈیوسن نے 51 رنز بنائے۔ 
بارش کے سبب میچ ختم کردیا گیا اور نیوزی لینڈ کو 7 رنز سے فاتح قرار دیا گیا۔