news

ای سی بی نے انگلینڈ میں پاک بھارت ٹیسٹ سیریز منعقد کروانے کی پیشکش کردی

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پاکستان اور بھارت کے درمیان مستقبل میں ٹیسٹ سیریز منعقد کروانے کی پیشکش کردی۔

ای سی بی نے انگلینڈ میں پاک بھارت ٹیسٹ سیریز منعقد کروانے کی پیشکش کردی

انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بورڈ آف کنٹرول کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) سے رابطہ کیا ہے۔ ای سی بی نے پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت ٹیسٹ سیریز انگلینڈ کے میدانوں میں کروائیں۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی بورڈ میں پاک بھارت سیریز کروانے کی بات کی۔

ذرائع نے بتایا کہ یہ غیر رسمی بات تھی، ابھی پیشکش قبول نہیں کی گئی، خواہش ہے کہ پاکستان ہی پاک بھارت سیریز کی پہلے میزبانی کرے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ سیریز کی میزبانی کرنے کی باری بھی پاکستان کی ہے۔

دوسری جانب ای سی بی نے ماضی میں پاک آسٹریلیا سیریز کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کے ساتھ بھی پاکستان نے انگلینڈ میں ٹیسٹ میچز کھیلے تھے۔

ای سی بی کا کہنا تھا کہ پاک بھارت شائقین کی بڑی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ پیشکش کی ہے، چاہتے ہیں کہ پاک بھارت سیریز انگلینڈ میں ہو۔