news

انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز3 صفرسے جیت لی

ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیا گیا82رنز کا ہدف انگلینڈ نے صرف 7.2 اوورز میں بغیرکوئی وکٹ گنوائے87 رنز بناکر پورا کر لیا۔

انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز3 صفرسے جیت لی

انگلینڈ نے تیسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 10 وکٹوں سے ہرا کر 3-0 سے وائٹ واش کردیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیا گیا 82رنز کا ہدف انگلینڈ نے صرف 7.2 اوورز میں بغیرکوئی وکٹ گنوائے87 رنز بناکر پورا کرلیا۔ 
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔
 
برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے 82 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا، کپتان بین اسٹوکس نے 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، مارک ووڈ کو میچ میں مجموعی طورپر7 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ 
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 175 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، میکائیل لوئس 57 اور کاویم ہوج 55 رنز بنا کر نمایاں رہے انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں۔
 
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 282 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جس کے جواب میں انگلینڈ نے 376 رنز بنائے تھے۔
یاد رہے کہ انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 114 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں انگلینڈ نے 241 رنز سے کامیابی سمیٹی تھی۔