انگلینڈ نے زمبابوے کے خلاف تین ٹیسٹ سیریز کھیلیں اور 2000 اور 2003 میں دو ٹیسٹ سیریز جیتی تھیں۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ پچھلی دو دہائیوں کے دوران پہلی بار دوطرفہ باہمی سیریز میں زمبابوے کی میزبانی کرے گا، چار روزہ ٹیسٹ کا انعقاد 2025 میں کیا جائے گا۔
انگلش کرکٹ بورڈ اور زمبابوے کرکٹ اپنے تعلقات کو نئے سرے سے استوار کرنے کے خواہاں ہیں، ای سی بی کی جانب سے 2003 کے بعد پہلی بار زمبابوے کی میزبانی کے فرائض انجام دیے جائیں گے، مہمان ٹیم اور انگلینڈ کے درمیان 28 سے 31 مئی تک چار روزہ ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔
گزشتہ روز برطانوی بورڈ نے اعلان کیا تھا کہ 2003 کے بعد پہلی بار وہ زمبابوے کی مینز کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرنے جارہا ہے، جس کے تحت 2025 میں ٹیسٹ میچ کا انعقاد کیا جائے گا۔
ای سی بی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر رچرڈ گویلڈ نے کہا کہ دو دہائیوں کے بعد ہم زمبابوے کی مینز ٹیم کی ٹیسٹ میچ کے لیے میزبانی کرنے پر بے حد خوشی محسوس کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زمبابوے کی کرکٹ کی تاریخ قابل فخر ہے جبکہ اس ملک سے عالمی سطح کے کھلاڑی اور کوچز سامنے آئے ہیں جو دنیا بھر میں کرکٹ کی بہتری کے لیے اپنا تجربہ شیئر کررہے ہیں۔
زمبابوے کرکٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر گیومور ماکونی کا کہنا تھا کہ ہم انگلینڈ میں باہمی سیریز کھیلنے کے لیے کافی خوش ہیں، میں اس سلسلے میں ای سی بی کا بہت شکرگزار ہوں جس نے دو طرفہ کرکٹ تعلقات کو پھر سے بحال کرنے کے لیے قدم آگے بڑھایا ہے۔