لاہور: پاکستان سپُر لیگ کی میزبان ایرن ہالینڈ کے دیدہ زیب ملبوسات سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئے۔
ایرن ہالینڈ کو ہمیشہ ہی پی ایس ایل کی میزبانی کے لئے سب سے پسندیدہ شخصیت قرار دیا جاتا ہے جہاں وہ کھیل کے دوران بہترین انداز میں کھلاڑیوں سے گفتگو کرتی نظر آتی ہیں وہیں ان کے فیشن اور اسٹائل کے بھی سوشل میڈیا پر خوب چرچے رہتے ہیں۔
ایرن ہالینڈ کے شوہر آسٹریلین کرکٹر بین کٹنگ بھی پی ایس ایل فیملی کا حصہ ہیں اس خوبصورت جوڑے کو کرکٹ شائقین کی جانب سے خوب پسند کیا جاتا ہے۔
ان دنوں ایرن ہالینڈ پی ایس ایل 8 کی میزبانی کر رہی ہیں جس میں ان کے خوبصورت مشرقی ملبوسات خاص طور پر شلوار قمیض سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
ایرن ہالینڈ کا کہنا ہے کہ ان کو پاکستانی ملبوسات سے خاص لگاؤ ہے یہی وجہ ہے کہ ہم انہیں مختلف کھیلوں میں کئی مرتبہ مشرقی ملبوسات زیب تن کئے ہوئے دیکھتے ہیں۔
حال ہی میں پی ایس ایل میزبان نے لاہور کی بادشاہی مسجد کا دورہ بھی کیا تھا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ اس دوران ایرن اپنے شوہر اور دیگر احباب کے ساتھ رکشے میں بیٹھ کر لاہور کے سیر سپاٹے کرتی نظر آئیں۔