پاکستان سفر کرنے سے پہلے ذہن میں بہت سوالات تھے مگر وہاں سب ٹھیک تھا، پروٹیز کپتان
جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات کو شاندار قرار دیدیا۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بطور ورلڈ الیون کپتان دورہ پاکستان محفوظ اور سیکیورٹی شاندار تھی، چھتوں پر سنائپر، کھلاڑیوں کے چہروں پر ماسک، سیکیورٹی ہالی ووڈ فلموں جیسی لگی اور میں نے دورہ پاکستان میں شاندار سیکیورٹی دیکھی جب کہ پاکستان سفر کرنے سے پہلے ذہن میں بہت سوالات تھے مگر وہاں سب ٹھیک تھا۔
دوسری جانب سابق ٹیسٹ کرکٹر رمِیزراجہ نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کی فکر وزیراعظم عمران خان کو بھی ہے، ورلڈ الیون دورہ کرچکی ہے، شاندار سیکیورٹی انتظامات سب نے دیکھ لیے، رواں سال سپرلیگ کے 8 میچز انٹرنیشنل کرکٹ کی ‘‘ری لانچنگ’’ کا فیصلہ کریں گے، سپرلیگ میچز کے بعد فیصلہ ہوگا انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کتنی دور رہ گئی، اسد شفیق نے 70 کے قریب ٹیسٹ کھیل لیے، مگر پاکستان ایک بھی نہیں کھیلا، ایسی صورتحال کھلاڑیوں اور کرکٹ فینز کیلئے بہت تکلیف دہ ہے۔