news
English

پی ایس ایل ورلڈ کپ کی تیاری کا بہترین موقع ہے، فہیم اشرف

تنقید کا بہترین جواب پرفارمنس ہی ہوتی ہے

پی ایس ایل ورلڈ کپ کی تیاری کا بہترین موقع ہے، فہیم اشرف PHOTO: AFP

لاہور: فہیم اشرف نے پی ایس ایل کو ورلڈکپ کی تیاری کا بہترین موقع قرار دیدیا۔

آل راؤنڈر فہیم اشرف کا کہنا ہے کہ دورہ جنوبی افریقہ میں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، سخت محنت کا صلہ ملنا شروع ہو گیا، میگا ایونٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کیلیے پر عزم ہوں۔ کرکٹ پاکستان کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں فہیم اشرف نے کہا ہے کہ بیشتر ساتھی کرکٹرز کی طرح میرا بھی جنوبی افریقی کنڈیشنز میں کھیلنے کا پہلا تجربہ تھا، توقعات کے مطابق کارکردگی پیش نہیں کر پایا لیکن سخت محنت کی اور بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، اس کا صلہ بھی ملنا شروع ہو گیا، پی ایس ایل کے آغاز میں اچھی فارم کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب ہوا۔

آل راؤنڈر نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں مجموعی طور پر ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی،زیادہ تر میچز میں ڈٹ کر مقابلہ کیا اور جیتنے کی پوزیشن میں آ ئے، اچھا کھیل کر ہارے، ٹی ٹوئنٹی میچز میں صرف 6 اور 7رنز سے مات ہوئی،جنوبی افریقہ میں باہر جاتے تو عوام ہمارے کھیل کی تعریف کرتے، پی ایس ایل ورلڈ کپ کی تیاریوں کا اچھا موقع ہے، فخرزمان اور بابر اعظم اچھی فارم کا مظاہرہ کر رہے ہیں، دیگر کھلاڑیوں کو بھی اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع مل رہا ہے، خود بھی ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ برقرار رکھنے کیلیے سخت محنت کررہا ہوں، سلیکٹرز نے اعتماد کیا تو بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کروں گا۔

کوچ اظہر محمود بولنگ کیساتھ بیٹنگ کو بہتر بنانے کیلیے بھی رہنمائی کرتے ہیں، جس فارمیٹ میں بھی قومی ٹیم کا حصہ بنایا جائے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہارکروں گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا ماحول بڑا دوستانہ ہے، مینجمنٹ کے ساتھ بات کرتے ہوئے ایسے ہی محسوس ہوتا ہے جیسے ساتھی کھلاڑی شاداب خان سے گفتگوکررہا ہوں۔

تنقید کا بہترین جواب پرفارمنس ہی ہوتی ہے، فہیم اشرف

فہیم اشرف کا کہنا ہے کہ تنقید کا جواب پرفارمنس دینا ہی بہترین رویہ ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ کی پہلے میچ میں فتح کے بعد سوشل میڈیا پر Can’t Bat, Can’t Bowlکے پیغام والی ٹی شرٹ پہن کر تصویر شیئر کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ لوگ صرف بول سکتے ہیں، اچھے وقت میں سب ساتھ ، برے وقت میں صرف خیرخواہ حوصلہ بڑھاتے ہیں، تنقید سے مایوسی ہوئی لیکن اتار چڑھاؤ آتے ہیں، اس کا جواب دینے کا بہترین طریقہ پرفارمنس ہے۔

یاد رہے کہ دورہ جنوبی افریقہ میں فہیم اشرف کو سوشل میڈیا پر تنقید بنانے والے کہتے رہے ہیں کہ آل راؤنڈر بیٹنگ اچھی کرسکتے ہیں، نہ بولنگ۔

انھوں نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی شاندار فتح، بیٹ اور بال سے ٹیم کی فتح میں کردار ادا کرنے پر خوش ہوں۔