news
English

جاوید میانداد سے تعلق کیریئر مختصر کرگیا، فیصل اقبال

امام الحق سے ہمدردی ہے، وہ بھی ان حالات کا سامنا کر رہے ہیں جن سے میں گزرا ہوں

جاوید میانداد سے تعلق کیریئر مختصر کرگیا، فیصل اقبال تصویر: اے ایف پی

لاہور: ٹیسٹ کرکٹر فیصل اقبال کا کہنا ہے کہ جاوید میانداد سے رشتہ کیریئر مختصر کرگیا۔

پاکستان میں کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کے سلیم خالق کو خصوصی انٹرویو میں فیصل اقبال نے کہا کہ مجھے ہمیشہ تنقید کا نشانہ بنایا گیا کہ اپنے ماموں جاوید میانداد کی وجہ سے قومی ٹیم میں آیا ہوں، یہی لوگ اب الزامات عائد کر رہے ہیں کہ پی ایس ایل کی فرنچائز میں کوچنگ بھی سابق کپتان کے اثرورسوخ سے مل رہی ہے، امام الحق سے ہمدردی ہے، وہ بھی ان حالات کا سامنا کر رہے ہیں جن سے میں گزرا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اوپنر کو بھی چیف سلیکٹر کا بھتیجا ہونے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، لوگ ہمیشہ منفی پہلو تلاش کرتے ہیں، کرکٹ فیملیز سے سامنے آنے والے کرکٹرز کے بارے میں لوگوں کی سوچ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے،کسی بھی کھلاڑی کی رشتہ داریوں کی بجا ئے پرفارمنس دیکھنا چاہئے۔ دوسروں کی طرح ہم بھی ملک کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں، خاندان میں کوئی کرکٹر ہو تو کچھ کردکھانے کا جذبہ مزید بڑھ جاتا ہے۔

ٹیسٹ ریکارڈ زیادہ اچھا نہ ہونے کے سوال پر فیصل اقبال نے کہا کہ ہمیشہ ایک متبادل کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا، ایک میچ کھیلتا تو 5 میں باہر بٹھا دیا جاتا، اس کے باوجود موقع ملنے پر چند اچھی اننگز کھیلیں۔

ریٹائرمنٹ کے سوال پر انھوں نے کہا کہ ابھی 37 سال کا ہوں،کرکٹ کے ساتھ کوچنگ بھی جاری رکھوں گا، دنیا میں کئی کرکٹرز ایسا کر رہے ہیں۔