news
English

سری لنکا سے سیریز؛ فخرزمان کیلیے آرام، عابد علی کا انتخاب متوقع

حفیظ اور شعیب ملک شامل نہیں ہوں گے،تربیتی کیمپ 18 ستمبر سے لگے گا

سری لنکا سے سیریز؛ فخرزمان کیلیے آرام، عابد علی کا انتخاب متوقع PHOTO: AFP

سری لنکا سے ہوم سیریز کیلیے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں پر غور شروع ہوگیا۔

گھٹنے کی انجری سے نجات پانے کیلیے کوشاں اوپنر فخرزمان کو آرام دینے کا امکان ہے، ان کا خلا پُر کرنے کیلیے عابد علی مضبوط امیدوار ہیں۔

ورلڈکپ میں توقعات کے مطابق کارکردگی پیش نہ کر پانے والے محمد حفیظ کی جگہ کسی نوجوان باصلاحیت کرکٹر کو موقع دینے کیلیے مختلف ناموں پر غور کیا جا رہا ہے، شعیب ملک ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے، ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے بھی ان کو زیر غور لائے جانے کا امکان نہیں۔

ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے 3،3میچز کیلیے کھلاڑیوں کی فہرست تیار کرنے کا عمل آخری مراحل میں ہے، قومی کرکٹرز کا تربیتی کیمپ 18 ستمبر سے لاہور میں شروع ہوگا، 4 روز کی ٹریننگ کے بعد میزبان اسکواڈ کراچی پہنچ جائے گا جہاں پہلا ون ڈے27 ستمبر کو شیڈول ہے۔