news
English

آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ جاری: فخرزمان، بابراعظم کے قریب پہنچ گئے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کردی، پاکستانی بلے باز فخر زمان اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کے قریب پہنچ گئے۔

آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ جاری: فخرزمان، بابراعظم کے قریب پہنچ گئے

آئی سی سی کی جاری کردہ نئی رینکنگ کے مطابق ون ڈے کرکٹ کے نمایاں بلے بازوں کی فہرست میں بابر اعظم  کا پہلا نمبر برقرار ہے جب کہ  فخر زمان نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد 3 درجے ترقی  کرکے دوسرے نمبر پر آگئے ہیں، اس سے قبل فخر زمان انٹرنیشنل رینکنگ میں 10 ویں نمبر پر تھے، نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بائیں ہاتھ کے بلے باز نے 117 گیندوں پر 180 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی تھی۔

نئی رینکنگ میں قومی ٹیم کے بیٹر امام الحق 2  درجے تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ 

 

دوسری جانب آئی سی سی کی ون ڈے کرکٹ کے بولرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کےجوش ہیزل ووڈ کا پہلا نمبر برقرار ہے۔ 

ون ڈےبولرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ تاحال پہلے نمبر پر براجمان ہیں جب کہ بھارتی فاسٹ بولر محمد سراج دوسرے اور آسٹریلیا کے مچل اسٹارک ایک درجےترقی کےبعد تیسرے نمبر پرآگئے ہیں۔

ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے بولر ڈیرل مچل 31 درجے ترقی کے بعد 51 ویں، شاہین آفریدی دو درجے تنزلی کےبعد دسویں، شاداب خان چار درجے تنزلی کے ساتھ 39 ویں، فاسٹ بولر حارث رؤف 10 درجے ترقی  کے ساتھ  51 ویں اور فاسٹ بولر نسیم شاہ 12 درجے ترقی  کے بعد 73 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

 آئی سی سی کے مطابق ون ڈے آل راؤنڈرپلیئرز کے زمرے میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کا پہلا نمبر برقرار ہے۔