news
English

فخرزمان کی شاندار کارکردگی، ریکارڈ بک الٹ پلٹ کر رکھ دی

قومی ٹیم کے اوپنر ​​​​​​​ورلڈکپ 2023میں سب سے کم گیندیں کھیل کر 18 چھکے لگانے والے بلے باز بن گئے۔

فخرزمان کی شاندار کارکردگی، ریکارڈ بک الٹ پلٹ کر رکھ دی

قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان بھارت میں جاری ورلڈکپ 2023 میں سب سے کم گیندیں کھیل کر 18 چھکے لگانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز نے رواں ورلڈکپ کے دوران صرف 4 میچز کھیل کر ہی چھکوں کے انبار لگا دیے۔
تفصیلات کے مطابق فخر زمان رواں ورلڈکپ میں سب سے کم گیندوں پر 18 چھکے لگانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ فخر زمان نے ابھی تک ورلڈکپ کے صرف 4 میچ کھیلے ہیں اور چھکوں کے انبار لگاکر ریکارڈ بک الٹ پلٹ کر رکھ دی ہے۔
ورلڈکپ 2023 میں کھیلے گئے میچز میں 5 بلے بازوں نے 18 یا 18 سے زائد چھکے لگائے ہیں۔ اس فہرست میں فخر زمان بھی شامل ہو گئے ہیں، تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فہرست میں فخر زمان واحد بلے باز ہیں جنہوں نے 200 سے بھی کم گیندیں کھیل کر 18 چھکے لگائے ہیں۔ 
بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرمانے 336 گیندیں کھیل کر 20 چھکے لگائے ہیں، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنرنے 383 گیندیں کھیل کر 20 چھکے لگائے، جنوبی افریقہ کے ڈی کوک نے 484 گیندیں کھیل کر 18 جبکہ جنوبی افریقہ کے کلاسن نے بھی 208 گیندیں کھیل کر 18 چھکے لگائے ہیں۔ 
اس فہرست میں فخر زمان 170 گیندوں پر 18 چھکے لگا کر تیسرے نمبر پر ہیں۔ فخر زمان نے ہفتے کے روز بنگلورو میں نیوزی لینڈ کے ساتھ ہونے والے میچ میں دھواں دار اننگز کھیلی تھی جس میں انہوں نے کئی ریکارڈ اپنے نام کیے۔ 
قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان ورلڈ کپ کی 48 سالہ تاریخ میں ایک ہی اننگز میں 10 سے زائد چھکے لگانے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں۔ فخر زمان نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں 63 گیندوں پر سنچری اسکور کی اور 81 گیندوں پر ناقابل شکست 126 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 11 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔ ورلڈ کپ میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا عالمی ریکارڈ سابق برطانوی کپتان این مورگن کے پاس ہے جنہوں نے ورلڈ کپ 2019ء میں افغانستان کے خلاف جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 17 چھکے لگائے تھے، سابق ویسٹ انڈین بیٹر کرس گیل ورلڈ کپ 2015ء میں زمبابوے کے خلاف 16 چھکے لگا کر دوسرے جب کہ نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل ورلڈ کپ 2015ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 11 چھکے لگاکر تیسرے نمبر پر ہیں۔ 
فخر زمان پاکستان کی ون ڈے کرکٹ کی 50 سالہ تاریخ میں ایک اننگز میں 10 سے زیادہ چھکے 2 مرتبہ لگانے والے پہلے قومی بیٹر بھی بن گئے ہیں۔ سابق ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل ون ڈے کرکٹ میں 4 مرتبہ ایک اننگز میں 10 سے زیادہ چھکے لگانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام رکھتے ہیں۔ سابق جنوبی افریقی بیٹر اے بی ڈیولیئرز، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل، بھارت کے روہت شرما اور برطانوی وکٹ کیپر بیٹر جوز بٹلر ون ڈے کرکٹ میں 2،2 مرتبہ ایک ہی اننگز میں 10 سے زیادہ چھکے لگا چکے ہیں۔ 
اس سے قبل فخر زمان نے ورلڈ کپ 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف گرین شرٹس کے میچ کے دوران ایک روزہ بین الاقوامی اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا شاہد آفریدی کا 27 سالہ ریکارڈ برابر کر دیا۔ فخر زمان نے بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں میچ میں 11 چھکے لگائے جبکہ شاہد آفریدی نے 1996ء میں سری لنکا کے خلاف میچ میں 11 چھکے لگائے تھے۔ عبدالرزاق نے 2010ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف میں میں 10 چھکے لگائے تھے۔ 
فخر زمان نے 2021ء میں جنوبی افریقہ کیخلاف بھی 10 چھکے لگائے تھے۔ فخر زمان نے اس ورلڈ کپ میں 18 چھکوں کے ساتھ ایک ورلڈ کپ میں زیادہ چھکے لگانے کا ملکی ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے۔ اس سے قبل عمران نذیر 2007ء کےورلڈ کپ میں اور عبداللہ شفیق ورلڈ کپ 2023ء میں 9،9 چھکوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ افتخار احمد اس ورلڈ کپ میں 8 چھکے لگانے کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ 
فخر زمان نے ورلڈ کپ کی گزشتہ 24 سالہ تاریخ کا منفرد اعزاز حاصل کرلیا۔ فخر زمان نے نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں 19.2 اوورز میں اپنی سنچری مکمل کی، وہ ایسے تیسرے بلے باز ہیں جنہوں نے 20 اوورز سے قبل سنچری مکمل کی۔ ان کے علاوہ روہت شرما نے ورلڈ کپ 2023 میں 17.2 اوورز میں سنچری مکمل کی تھی، کینیڈا کے جان ڈیوڈسن نے ورلڈ کپ 2003ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 19 اوورز میں سنچری مکمل کی تھی۔