مجھ سمیت کئی لوگوں نے شاہین کی کپتانی پر سوال اُٹھائے لیکن اس نے ہمیں غلط ثابت کیا، فخر زمان
پاکستان کے جارح مزاج کرکٹر فخر زمان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کیلئے کسی بھی نمبر پر بیٹنگ کرنے کے لئے تیار ہوں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے جارح مزاج کرکٹر فخر زمان نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ اگر مجھے ابتدائی پوزیشن پر فٹ نہیں دیکھتی تو اس کا مطلب یہ ہے کہ انہیں معلوم ہے میں نچلے نمبرز پر بیٹنگ کرکے ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرسکتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بطور اوپنر نہ کھیلنا کوئی مسئلہ نہیں، اسے قربانی کے طور پر نہیں دیکھتا بلکہ خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ پلیئنگ الیون میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوسکا۔
فخر زمان نے کہا کہ اگر بابر یا رضوان ون ڈاون پر آتے ہیں تو میں مزید دو نمبر نیچے بیٹنگ کے لیے آسکتا ہوں، مجھے چھٹے یا ساتویں نمبر پر کھیلنے میں کوئی اعتراض نہیں۔
انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی نے 2018 میں لاہور قلندرز کی فرنچائز جوائن کی تھی، اس کے بعد ہم نے اسے ہر میچ کے ساتھ گروم ہوتے ہوئے دیکھا، مجھ سمیت کئی لوگوں نے کہا تھا کہ شاہین کپتانی نہیں کرسکے گا لیکن اس نے ہمیں غلط ثابت کیا، جس کی خوشی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹریننگ سیشن کے دوران جارح مزاج اوپنر صائم ایوب اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے نئی گیند کے ساتھ پریکٹس کی تھی، جس سے تاثر مل رہا تھا کہ سیریز کے دوران دونوں کرکٹرز ہی بیٹگ کا آغاز کریں گے جبکہ بابراعظم کو ون ڈاؤن بھیجا جا سکتا ہے اور فخر زمان کی چوتھی پوزیشن پر کھیلتے دکھائی دے سکتے ہیں۔