news
English

فخر زمان کے لیے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ

فخر زمان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں دو سنچریوں سمیت 363 رنز بنائے اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

فخر زمان کے لیے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ

 قومی کرکٹ ٹیم کے جارحانہ مزاج رکھنے والے بلے باز فخر زمان کو آئی سی سی کی جانب سے اپریل کے لیے پلیئر آف دی منتھ قرار دیا گیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے گزشتہ ہفتے  پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کیا تھا جس میں فخر زمان سمیت سری لنکا کے پرابتھ جے سوریا اور نیوزی لینڈ کے مارک چیپمین شامل تھے۔

فخر زمان نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی سرزمین پر پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں دو سنچریوں کی مدد سے 363 رنز بنائے اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار  پائے۔

اپنے اس اعزاز پر ردعمل دیتے ہوئے فخر زمان نے ٹوئٹ بھی کی۔ جس میں کرکٹر نے لکھا جس طرح سے چیپمین بھائی نے ٹی ٹوئنٹی میں ہمیں کوٹا تھا، مجھے لگا تھا اسی کو پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ ملے گا لیکن میں ان تمام ووٹرز اور مداحوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے ووٹ کیا۔

واضح رہے کہ اس وقت فخر زمان ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں جو انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوران ہی حاصل کی تھی۔

فخر زمان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستان کے لئے بہترین بلے بازی کی، انہوں نے راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں اپنا دوسرا سب سے زیادہ ون ڈے رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ قومی ٹیم کے اوپنر نے ناقابل شکست 180 رنز بنا کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ اس میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف 337 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کی تھی۔