news
English

ایمرجنگ ویمنز ٹی20 ایشیاکپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان ہوگیا

فاطمہ ثناء ایمرجنگ ویمنز ٹی20 ایشیاکپ میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض سرانجام دیں گی

ایمرجنگ ویمنز ٹی20 ایشیاکپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان ہوگیا

نوجوان فاسٹ بولر فاطمہ ثنا اے سی سی ایمرجنگ ویمنز ٹی20 ایشیاکپ میں قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گی۔

قومی ویمن سلیکشن کمیٹی کی اعلان کردہ 14 رکنی ٹیم میں 4کھلاڑی اس سال کے اوائل میں منعقدہ آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔ 23 برس سے کم عمر کھلاڑیوں کے لیے 12 سے 21 جون تک ہانگ کانگ میں ہونے والے ایمرجنگ ایشیاکپ میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، پاکستانی اسکواڈ کی تشکیل مارچ میں ملتان میں کیمپ میں ٹریننگ کے علاوہ کارکردگی کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی ہے۔

نوجوان کرکٹر فاطمہ ثنا 31 ایک روزہ انٹرنیشنل اور 24 ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نماندگی کرچکی ہیں، پاکستان اسکواڈ میں فاطمہ ثنا (کپتان) انوشا ناصر، ایمن فاطمہ، گل فیروزہ، گل رخ، لبنی بہرام، ناجیہ علوی(وکٹ کیپر)، نتالیا پرویز، صدف شمس، شوال ذوالفقار، عروب شاہ، طوبیٰ حسن، ام ہانی اور یسریٰ عامر شامل ہیں جبکہ امبر کائنات، دعا ماجد، فاطمہ خان اور رامین شمیم ریزرو کھلاڑی ہوں گی۔

پاکستانی ٹیم گروپ اے میں شامل ہے جبکہ بھارتی ٹیم اے، ہانگ کانگ اور تھائی لینڈ اے کے ساتھ ہے اور وہ اپنا پہلا میچ 13جون کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی، 15 جون کو اس کا مقابلہ ہانگ کانگ سے ہوگا جبکہ 17جون کو وہ روائیتی بھارت سے ٹکرائے گی۔

قومی ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کی قیادت ان کے لیے اعزاز ہے، اہم ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنے کے لیے وہ بہت پرعزم اور پرجوش ہیں۔

پاکستانی ٹیم کا کیمپ حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں جمعرات سے شروع ہورہا ہے اور 8 جون تک جاری رہے گا، پاکستان ٹیم اگلے روز 9 جون کو ہانگ کانگ روانہ ہوجائے گی۔

ٹیم کےسپورٹ اسٹاف میں عائشہ جلیل مینجر، محسن کمال ہیڈ کوچ ،محمد کامران حسین اسسٹنٹ کوچ، محمد عثمان شاہد انالسٹ، رابعہ صدیق فزیو تھراپسٹ کی ذمہ داری ادا کریں گی، قومی ویمنز سلیکشن کمیٹی اسماویہ اقبال، مرینہ اقبال اور محتشم رشید پر مشتمل تھی۔