news
English

فاطمہ ثنا ایمرجنگ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کی کپتان مقرر

ہانگ کانگ میں 12 سے21 جون تک ہونے والے ایمرجنگ ایشیا کپ میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

فاطمہ ثنا ایمرجنگ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کی کپتان مقرر

قومی ویمن ٹیم کی باصلاحیت کھلاڑی فاطمہ ثنا اے سی سی ایمرجنگ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گی جو آئندہ ماہ ہانگ کانگ میں کھیلا جائے گا۔

خواتین کی قومی سلیکشن کمیٹی نے اس ٹورنامنٹ کے لیے 14 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس میں چار وہ کھلاڑی بھی شامل ہیں جو اس سال کے اوائل میں منعقدہ آئی سی سی ویمنز انڈر 19ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔

 12 سے21 جون تک ہانگ کانگ میں ہونے والے ایمرجنگ ایشیا کپ میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔

کراچی سے تعلق رکھنے والی فاطمہ ثنا 31 ایک روزہ انٹرنیشنل اور 24 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔ پاکستانی اسکواڈ کی تشکیل مارچ میں ملتان میں کیمپ میں ٹریننگ کے علاوہ پاکستان کپ ٹورنامنٹ کے ٹی ٹوئنٹی مرحلے میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی ہے۔ انہیں قیادت کی ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ پاکستان کپ میں ان کی کارکردگی دیکھ کر کیا گیا ہے جس میں انہوں نے اسٹرائیکرز کی کپتانی کی جس نے تمام میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔

اس کے علاوہ دسمبر میں لاہور میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ میں بھی انہوں نے بلاسٹرز کی کامیاب کپتانی کی تھی۔

پاکستانی اسکواڈ جن کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ان میں فاطمہ ثنا ( کپتان ) انوشا ناصر۔ ایمن فاطمہ ۔ گل فیروزہ۔ گل رخ ۔ لبنی بہرام ۔ ناجیہ علوی ( وکٹ کیپر ) نتالیا پرویز۔ صدف شمس۔ شوال ذوالفقار۔ عروب شاہ۔ توبہ حسن ۔ ام ہانی۔ اور یسری عامر شامل ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے فاسٹ بولر فاطمہ ثنا کو گذشتہ برس سال کی بہترین ابھرتی ہوئی کھلاڑی کا اعزاز بھی دیا گیا تھا۔ریزرو کھلاڑیوں میں امبر کائنات ۔ دعا ماجد۔ فاطمہ خان اور رامین شمیم شامل ہیں۔

پاکستان ٹیم گروپ اے میں انڈیا اے، ہانگ کانگ اور تھائی لینڈ اے کے ساتھ ہے اور وہ اپنا پہلا میچ تیرہ جون کو تھائی لینڈ اے کے خلاف کھیلے گی۔ پندرہ جون کو اس کا مقابلہ ہانگ کانگ سے ہوگا جبکہ سترہ جون کو اس کا میچ بھارت اے کے خلاف ہوگا۔

چیف سلیکٹر سلیم جعفر کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ تمام کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے مطابق پرفارمنس دیں گی۔اس ٹیم میں غیرمعمولی صلاحیتوں کی حامل کھلاڑی موجود ہیں۔ہمارے لیے چودہ کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا آسان نہ تھا۔

سلیم جعفر نے ان کھلاڑیوں سے جو ٹیم میں جگہ نہیں بناسکی ہیں کہا کہ وہ مایوس نہ ہوں اور اپنی محنت جاری رکھیں انہیں آنے والے ایونٹس میں ضرور مواقع ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان کے کیمپ سے تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی نظروں میں ہے اور انہیں مختلف کنڈیشنز میں آزمایا جاتا رہا ہے جن میں تازہ ترین یہ حالیہ تین ٹوئنٹی میچز تھے جن میں انہیں انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنے کا موقع ملا۔

کپتان فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ پاکستان کی قیادت ان کے لیے اعزاز ہے اور یہ ذمہ داری انہیں ایک کرکٹر کی حیثیت سے آگے بڑھنے میں مدد دے گی۔ یہ ایک اہم ٹورنامنٹ ہے اور وہ اس میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنے کے بارے میں بہت پرعزم اور پرجوش ہیں۔

فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ گذشتہ چند ہفتوں سے انہوں نے بہت اچھی پریکٹس کی ہے اور پاکستان کپ نے انہیں میچ پریکٹس کا اچھا موقع فراہم کیا ہے۔ ’ہماری آپس میں اچھی بات چیت رہی اور مجھے خوشی ہے کہ ہر کھلاڑی نے ہر میچ میں اپنا کردار بخوبی نبھایا ہے۔‘

پاکستان ایمرجنگ ٹیم کا ٹورنامنٹ میں جانے سے قبل کیمپ حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں آٹھ جون تک جاری رہے گا۔ قومی ٹیم 9 جون کو ہانگ کانگ روانہ ہوگی۔

ٹیم کا سپورٹ اسٹاف جن افراد پر مشتمل ہے ان میں عائشہ جلیل (مینیجر) محسن کمال (ہیڈ کوچ) محمد کامران حسین (اسسٹنٹ کوچ) محمد عثمان شاہد (انالسٹ) رابعہ صدیق (فزیو تھراپسٹ) شامل ہیں۔

قومی ویمنز سلیکشن کمیٹی میں اسماویہ اقبال ۔ مرینہ اقبال اور محتشم رشید شامل ہیں۔